گھر واپسی: ناراض حنا شہاب اور اسامہ شہاب آر جے ڈی میں شامل، تیجسوی نے کہا- ’شمولیت سے پارٹی کو مضبوطی ملے گی‘

لوک سبھا انتخابات میں حنا شہاب نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا اور شکست کا سامنا کیا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل شہاب الدین خاندان کی آر جے ڈی میں واپسی پارٹی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر حنا شہاب، لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو/ @yadavtejashwi</p></div>

تصویر حنا شہاب، لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو/ @yadavtejashwi

user

قومی آواز بیورو

سیوان کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کی اہلیہ حنا شہاب اور ان کے بیٹے اسامہ شہاب نے اتوار کو آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کر لی۔ آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور حزب مخالف کے لیڈر تیجسوی یادو نے دونوں ماں بیٹے کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر لالو پرساد یادو نے کہا کہ شہاب الدین صاحب کا پریوار کبھی ہم سے دور نہیں تھا اور ہم پھر ساتھ ہیں۔ ساتھ ہی تیجسوی یادو نے کہا کہ حنا شہاب اور اسامہ شہاب کے آنے سے آر جے ڈی کو مضبوطی ملے گی۔

شمولیت کے موقع پر تیجسوی یادو نے برسر اقتدار این ڈی اے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار میں نتیش کمار جی کی سربراہی میں جو سرکار چل رہی ہے، وہ نفرت پھیلانے کا کام کرتی ہے۔ جس کی وجہ سے سماج سے امن و سکون ختم رہا ہے۔ ترقی کی جگہ پر بہار تنزلی کی شکار ہو چکی ہے۔ اس نفرتی حکومت کے خلاف سبھی کو ایک ساتھ آ کر مضبوطی سے لڑنا چاہئے۔


حنا شہاب اور اسامہ شہاب کی آر جے ڈی میں شمولیت کے وقت لالو پرساد یادو اور تیجسوی یادو کے ساتھ ساتھ پارٹی کے کئی بڑے لیڈران موجود تھے۔ جن میں سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ، قومی پرنسپل سکریٹری عبد الباری صدیقی، راجیہ سبھا رکن سنجئے یادو، قومی جنرل سکریٹری فیصل علی، آر جے ڈی کے ریاستی ترجمان شکتی سنگھ یادو، ترجمان اعجاز احمد، ہیڈ کوارٹر انچارج مکند سنگھ سمیت دیگر معزز لیڈران اس موقع پر موجود تھے۔

قابل ذکر ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کا قد آر جے ڈی میں کافی بڑا تھا۔ ان کا شمار لالو پرساد یادو کے سب سے قریبی اور خاص لیڈران میں ہوتا تھا۔ شہاب الدین پریوار اور آر جے ڈی میں جو وقتی دوری تھی، وہ اب ختم ہو چکی ہے۔ حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخاب میں حنا شہاب نے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس میں حنا شہاب اور آر جے ڈی کو کافی نقصان ہوا تھا۔ ایسے میں آنے والے ریاستی اسمبلی انتخاب سے قبل شہاب الدین پریوار کی آر جے ڈی میں شمولیت سے، پارٹی سیوان اور اس کے پاس کے علاقوں میں کافی مضبوطی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔