بابری مسجدملکیت: عدالت کی نگرانی میں مصالحت پر فیصلہ کل متوقع

موصولہ اطلاعات کے مطابق کل عدالت میں جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ راجیو دھون، سینئر ایڈوکیٹ راجو رام چندرن، ایڈوکیٹ ورندہ گروور ،ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول و دیگر موجود رہیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

دہلی: چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی پانچ رکنی بینچ کے روبرو کل بابری مسجد معاملے کی اہم سماعت ہونے جارہی جس کے دوران یہ متوقع ہے کہ عد الت کی نگرانی میں فریقین کے درمیان مصالحت پر فیصلہ ہوسکتا ہے کہ کیونکہ گذشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین کو مصالحت کے ذریعہ معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سماعت پر جمعیۃ علماء ہندکی جانب سے سپریم کورٹ میں داخل پٹیشن 10866-10867/2010 و دیگر عرضداشتوں پر سماعت کے دوران جسٹس بوبڑے نے فریقین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ عدالت کی نگرانی میں مصالحت کرنے کی کوشش کریں جس کے بعد چیف جسٹس رنجن گگوئی و دیگر ججوں نے بھی فریقین کو مشورہ دیتے ہوئے انہیں چند دنوں کی مہلت بھی دی تھی۔

عدالت کے مشورہ پرجمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا سید ارشدمدنی نے کہا تھا کہ جمعیۃ علماء ہند ابتداہی سے صلح اور امن کی حامی رہی ہے اور اس معاملہ میں باہمی مذاکرات کو اولیت دیتی آئی ہے لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ بالکل درست ہے کہ اس معاملہ میں جب بھی صلح کی کسی کوشش کا آغاز ہوا تو مخالف فریقین نے اپنے اڑیل رویہ سے اس کوشش کو ہمیشہ سبوتاژ کیا ہے نیز اگر عدالت اپنی نگرانی میں مصالحت کی کوئی نئی کوشش کرتی ہے تو ہم اس کے لئے تیارہیں ، اس لئے کہ ہم ہمیشہ سے اس اہم مسئلہ کا پرامن طورپر حل چاہتے ہیں۔

جمعیۃ علماء کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کل عدالت میں جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ راجیو دھون، سینئر ایڈوکیٹ راجو رام چندرن، ایڈوکیٹ ورندہ گروور ،ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول و دیگر موجود رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Mar 2019, 9:10 PM