بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے ‘بھارت جوڑو یاترا’ عنوان کے تحت اجلاس کا شاندار انعقاد

کانگرس لیڈران نے اپنے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی کی سیاست نے ایسے حالات بنا دیے ہیں کہ کوئی بھی ظلم کے خلاف بولنے والا نہیں، سوائے سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی کے۔

تصویر بذریعہ تسلیم
تصویر بذریعہ تسلیم
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے دھرم شالہ برہم پوری سیلم پور میں ‘بھارت جوڑو یاترا’ عنوان کے تحت ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چودھری زبیر احمد اور نظامت سید ناصر جاوید نے کی۔ اس موقع پر کانگریس لیڈران نے اپنے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی کی سیاست نے ایسے حالات بنا دیے ہیں کہ کوئی بھی ظلم کے خلاف بولنے والا نہیں۔ لیکن سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی ملک میں ایسے لیڈر ہیں کہ آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے ماں بیٹے کے پیچھے ای ڈی ایجنسی کو لگا رکھا ہے۔ ایجنسی دونوں خاموش رکھنا چاہتی ہے لیکن وہ خاموش رہنے والے نہیں، اور تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ جب بھی فسطائی طاقتوں نے ظلم کی حدوں کو تجاوز کرنے کی ناپاک کوشش کی، کانگریس نے ہی آگے آ کر ان کی سازشوں کو ناکام کیا ہے۔ ملک سے بی جے پی کا صفایا بھی کانگریس ہی کرے گی۔

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سیلم پور کے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے کہا کہ کانگریس ہی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو سبھی طبقات کو ساتھ میں لے کر سبھی کی ترقی کے اقدامات کرتی ہے اور جب سے دہلی میں آپ اور مرکز میں بی جے پی کا اقتدار ہے تبھی سے لوگ مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں، بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور فرقہ پرستی کا ننگا ناچ ہے جس کے نتیجہ میں لوگ کانگریس کی طرف دیکھ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاندھی خاندان اپنے ملک کا وفادار ہے لیکن افسوس ہے کہ اسی خاندان کے خلاف بی جے پی ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔ جس خاندان نے ملک کیلئے جان کی قربانی دی ہو تو پھر اس خاندان کا بی جے پی سے ڈرنا بھی ناممکن ہے۔


بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے اس موقع پر کہا کہ چوہان بانگر وارڈ کی خدمات کیلئے بحیثیت کونسلر ایک برس کا موقع ملا تھا جس میں مثالی کام انجام دے کر مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کونسلر کی حیثیت سے بھی اور آج کونسلر نہ ہونے کے باوجود بھی عوام کے درمیان رہ کر ان کے دکھ درد میں کھڑے رہتے ہیں اور اسی کا نام سماجی خدمت ہے جس سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔

جمنا پار وکاس بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں دہلی کی ترقی نے دہلی کو عالمی معیار کا شہر بنا دیا تھا، جسے موجودہ حکومتوں نے برباد کر ڈالا ہے۔ ایک دیگر کانگریس لیڈر بھیشم شرما نے کہا کہ موجودہ حکومتوں کے اقتدار میں مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور لوگ بے روزگاری کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں جبکہ کانگریس کے اقتدار میں روزگار کے مواقع فراہم ہوتے تھے اور مہنگائی پر کنٹرول رہنے سے ہر آدمی خوشحال دکھائی دیتا تھا۔


اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویتا شرما نے کہا کہ بی جے پی حکومت عوامی توقعات پر کھرا نہیں اتری اور لوگوں کو نت نئے مسائل میں الجھاتی رہتی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ کانگریس کی طرف دیکھ کر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور سونیا گاندھی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کر رہے ہیں۔

تقریب کے اہم شرکاء میں وپن شرما، طارق صدیقی، سلیم انصاری، نسیم انصاری، مینک چترویدی، عبدالرزاق، ریاض الدین راجو، ریاست ساحل، خالد خان، پرمود شرما، محمد اسماعیل، چودھری دیوانند، حاجی ظریف، فرقان قریشی، حاجی نصیر احمد، مکیش پنچال، سنجے گوڑ، بھارت بھوشن، عابد سیفی، محمد اشتیاق، اجے شرما، شہزاد خان، ندیم شیخ، رہتاش سنگھ، ونود جائس، چودھری ہنس رام، محمد عاقل، وریند موہن، وپن ہارمول، رئیس سلمانی، شمیم بانو، نیہا بیگ راج، زیب النسا، آشا رانی، نیہا تومر، رینو، ضرار احمد، مقصود جمال، رئیس انصاری، شوقین مرزا، آشیش شرما، ونود پردھان، حاجی شریف، پروین وتس، نوین شرما، نوشاد عالم اور شفیق خان کے نام قابل ذکر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔