اعظم خان کی بیوی تزئین فاطمہ نے لی راحت کی سانس، بجلی چوری معاملہ میں عدالت نے کیا بری
چھاپہ ماری کے دوران ہم سفر ریسورٹ میں بجلی چوری ہونے کی بات سامنے آئی تھی جس کے بعد ڈونگرپور بجلی گھر کے جونیئر انجینئر راہل رنجن نے تزئین فاطمہ کے خلاف شہر کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق کابینہ وزیر اعظم خان کی بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو آج عدالت نے ایک بڑی راحت بھری خبر سنائی۔ عدالت نے انھیں ہم سفر ریسورٹ بجلی چوری کے معاملے میں بے قصور قرار دے دیا ہے۔ 2019 میں تزئین فاطمہ کے ہم سفر ریسورٹ میں بجلی چوری ہونے کی اطلاع پر محکمہ نے چھاپہ ماری کی تھی۔ اس دوران ہم سفر ریسورٹ میں لاکھوں روپے کی بجلی چوری کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ جس کے بعد ڈونگرپور بجلی گھر کے جونیئر انجینئر راہل رنجن نے تزئین فاطمہ کے خلاف شہر کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سابق کابینہ وزیر اعظم خان کی بیوی تزئین فاطمہ نے 30 لاکھ روپے کی سمن رقم جمع کرنے کے بعد عدالت میں کیس ختم کرنے کی عرضی لگائی تھی۔ اس کی بنیاد پر عدالت نے مقدمہ کو ختم کیا ہے۔ عدالت سے باہر نکلنے کے بعد تزئین فاطمہ نے کہا کہ بجلی محکمہ میں بجلی چوری کا مقدمہ تھا اسی سلسلے میں کورٹ پہنچی تھیں، جس میں عدالت نے انھیں بری کر دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح پہلے جھوٹے مقدمات لگے ہیں، ویسے ہی اس مقدمہ میں بھی جھوٹے طریقے سے پھنسایا گیا ہے۔
جب تزئین فاطمہ سے اعظم خان کے 27 مقدمات والی اپیل کو خارج کیے جانے سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ سب جج صاحب کی مرضی ہے، وہ خارج کریں یا منظور کریں۔ علاوہ ازیں تزئین فاطمہ کے وکیل ناصر سلطان نے بجلی چوری سے متعلق مقدمہ کے بارے میں کہا کہ ہم سفر ریسورٹ میں چھاپ ماری اور یہ الزام لگا کر دکھایا گیا تھا کہ 33870 واٹ کی چوری ہم سفر ریسورٹ میں کی جا رہی ہے۔ حالانکہ 5 کلوواٹ کا کنکشن وہاں پہلے سے تھا، لیکن ایک سیلاب مقدموں کا آیا ہوا تھا تو یہ مقدمہ بھی کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔