گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کے بعد اعظم خان کی اہلیہ اور بیٹے کی عدالت میں خود سپردگی
ایم پی ایم ایل اے عدالت نے اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف پیدائش کی دو اسناد حاصل کرنے کے معاملہ میں عدالت میں حاضر نہ ہونے پر غیر ضمانتی وارنٹ جاری کئے تھے۔
لکھنؤ: یوپی کے رام پور سے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی اعظم خان کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم نے رام پور کی ایک خصوصی عدالت میں خود سپردگی کر دی۔ سوار اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی عبداللہ اعظم اور ان کی والدہ تزئین فاطمہ کے خلاف عدالت نے غیر ضانتی وارنٹ جاری کئے تھے۔
پیدائش کی دو اسناد حاصل کرنے کے معاملہ میں عدالت میں حاضر نہیں ہونے پر ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کئے تھے۔ خیال رہے کہ بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے رام پور کے تھانہ گنج میں مقدمہ درج کراتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اعظم خان اور ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ نے اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کی پیدائش کی دو اسناد حاصل کی ہیں جوکہ غیرقانونی ہے۔
اس معاملے میں شکایت کنندہ آکاش سکسینہ نے بتایا ’عدالت میں آج دو پیدائشی اسناد کے معاملے میں سماعت ہوئی۔ آج سینٹ پال کیو کے رہائشی منوج پاٹھک کی گواہی تھی۔ اصولوں کے مطابق اس موقع پر عبداللہ کا حاضر رہنا ضروری تھا، لیکن پچھلی کئی تاریخوں سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ عدالت میں مسلسل عدم پیشی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ عبداللہ اعظم ضمانت کے بعد کسی تاریخ پر عدالت نہیں آئے۔
یاد رہے کہ سال 2019 میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف گنج تھانے میں دو برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس معاملے میں اعظم خان کے علاوہ ان کے بیٹے اور سوار سے ایم ایل اے عبداللہ اعظم اور بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ عدالت سے تینوں ملزمان کی ضمانت کے بعد رہائی ہو چکی ہے لیکن گزشتہ کئی تاریخوں سے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔