اعظم خان کی درخواست ضمانت پر آج ہوگی سماعت، کیا رہائی ملے گی؟

اعظم خان سے وابستہ ایک معاملہ میں آج الہ آباد ہائی کورت میں سماعت ہونی ہے، اگر اس معاملہ میں اعظم خان کو ضمانت ملی تو وہ جیل سے رہا ہو جائیں گے

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

الہ آباد: سماجوادی پارٹی میں چل رہے اندرونی تنازعہ کے درمیان آج اعظم خان سے متعلق معاملہ میں اہم سماعت ہونے جا رہی ہے۔ رکن اسمبلی اعظم خان کی درخواست ضمانت پر الہ آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ قدآور لیڈر کی درخواست ضمانت اگر منظور ہو گئی تو وہ جیل سے باہر آ جائیں گے۔

خیال رہے کہ اعظم خان کو اب تک کل 71 کیسز میں ضمانت دی جا چکی ہے۔ موجودہ معاملہ میں سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا، تاہم ہائی کورٹ آج سہ پہر 3.30 بجے دوبارہ سماعت کرے گا۔ اس معاملہ میں اعظم خان پر اینمی پراپرٹی پر قبضہ کرنے اور اسے جوہر یونیورسٹی میں ملانے کا الزام ہے۔

عدالت نے اس معاملہ میں 4 دسمبر 2021 کو فیصلہ محفوظ رکھا تھا تاہم یوگی حکومت نے اب نئے حقائق پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ آج جسٹس راہل چترویدی کی سنگل بنچ اس معاملہ کی سماعت کرے گی۔


اعظم خان اس وقت سیتا پور جیل میں قید ہیں۔ ان دنوں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ناراض ہیں۔ اکھلیش یادو اور سماج وادی پارٹی پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ پچھلے دو سالوں میں اعظم خان کی رہائی کے لیے مناسب آواز نہیں اٹھائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایس پی کے کچھ نمائندے اعظم سے ملاقات کے لیے جیل پہنچے تھے لیکن اعظم نے ان سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔

وہیں، شیو پال یادو اور کانگریس لیڈر پرمود کرشنم سے ملاقات کے لئے وہ راضی ہو گئے تھے۔ شیو پال یادو نے بھی اعظم سے ملاقات کے بعد اکھلیش یادو پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ اعظم کے لیے آواز نہیں اٹھائی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔