ملکی پور ضمنی انتخاب کے ملتوی ہونے پر اودھیش پرساد کا بیان، ’بی جے پی خوفزدہ ہے‘

ایودھیا کی ملکی پور سیٹ پر ضمنی انتخاب ملتوی ہونے کے بعد ایس پی کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد نے کہا کہ بی جے پی خوفزدہ ہے، اسی لیے بی جے پی کے پرانے امیدوار نے عدالت سے اپنی درخواست واپس نہیں لی

<div class="paragraphs"><p>اودھیش پرساد / آئی اے این ایس</p></div>

اودھیش پرساد / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کی مِلکی پور سیٹ کے ضمنی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان نہ ہونے پر ایودھیا سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے 12 جون کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد میرے خلاف الیکشن لڑنے والے بی جے پی امیدوار کو عدالت سے اپنی درخواست واپس لے لینی چاہیے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ خوفزدہ ہیں۔‘‘

خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اودھیش پرساد نے کہا، "یوپی کی 10 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے، جن میں ایودھیا کی ایک سیٹ ملکی پور بھی شامل تھی۔ میں ملکی پور سے ایم ایل اے تھا اور میں نے 12 جون کو ایم پی منتخب ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ بی جے پی کے امیدوار نے عدالت میں عرضی داخل کی تھی، یہ ان کی اخلاقی ذمہ داری تھی کہ وہ اپنی درخواست واپس لے لیتے لیکن وہ ایودھیا سے خوفزدہ تھے، عوام نے سماج وادی پارٹی کو ووٹ دینے کا ارادہ کر لیا ہے۔‘‘


اس سے پہلے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی ملکی پور میں ضمنی انتخاب کا اعلان نہ کئے جانے پر بی جے پی کو شاعرانہ انداز میں نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا، ’’جن نے جنگ ٹالی ہے، سمجھو اس نے جنگ ہاری ہے۔‘‘۔ دراصل ایودھیا کی ملکی پور سیٹ ایس پی اور بی جے پی دونوں کے لیے وقار کا سوال بن گئی ہے۔ ایس پی نے اس سیٹ کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

ایودھیا کی ملکی پور سیٹ کی بات کریں تو یہ سیٹ 2022 میں سماج وادی پارٹی نے جیتی تھی۔ تاہم، اکھلیش نے انہیں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں فیض آباد (ایودھیا) سے امیدوار بنایا اور وہ جیت گئے۔ ایم پی منتخب ہونے کے بعد اودھیش پرساد نے ملکی پور سے ایم ایل اے کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سیٹ پر ایس پی نے اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔


اتر پردیش کی جن 10 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے، ان میں مین پوری کی کرہل، کانپور کی سیسامؤ، پریاگ راج کی پھولپور، امبیڈکر نگر کی کٹہری، مرزا پور کی مجھواں، ایودھیا کی ملکی پور، غازی آباد صدر، علی گڑھ کی کھیر، مظفرنگر کی میرانپور اور مراد آباد کی کندرکی سیٹیں شامل ہیں۔ تاہم صرف 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے اور ملکی پور سیٹ کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ یوپی کی 9 سیٹوں پر 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور ان کے نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔