مدھیہ پردیش کے چھتر پور میں آٹو - ٹرک متصادم، باگیشور دھام جا رہے 5 عقیدت مندوں کی موت

جھانسی کھجوراہو ہائی وے این ایچ 39 پر ہوئے حادثے میں ٹکر کے بعد تیز رفتار ٹرک اوور لوڈیڈ آٹو کو کافی دور تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے چھترپور میں منگل کو ایک دردناک واقعہ پیش آیا جب ایک سڑک حادثے میں باگیشور دھام جا رہے 5 عقیدت مندوں کی موت ہوگئی۔ اس حادثے میں 6 افراد کے شدید طور پر زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جنہیں علاج کے لیے سرکاری اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ حادثہ جھانسی کھجوراہو ہائی وے این ایچ 39 پر منگل کو صبح تقریباً 5 بجے ہوا جب ایک تیز رفتار آٹو کی ٹرک سے زوردار ٹکر ہوگئی۔

پولیس افسران نے حادثہ کے سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن سے آٹو باگیشور دھام کی طرف جا رہی تھی۔ اس وقت آٹو میں 11 سے 12 افراد سوار تھے اور گاڑی پوری طرح اووڑ لوڈیڈ تھی، اس میں صلاحیت سے تین گنا زیادہ لوگ بیٹھے ہوئے تھے، دوسری طرف سے ٹرک ڈرائیور بھی کافی تیز رفتار سے لاپروائی کے ساتھ گاڑی چلا رہا تھا، جس کی وجہ سے دونوں گاڑیاں آپس میں متصادم ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ ٹرک آٹو کو کافی دور تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔


حادثہ میں مرنے والوں می٘ں بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ پولس نے بتایا کہ حادثہ کے بعد آٹو بُری طرح سے تباہ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے مرنے والوں کو بہت مشکل سے باہر نکالا گیا۔ پولیس لاش کو قبضے میں لے کر اس کی شناخت کر رہی ہے۔ قبل ازیں موقع پر پہنچے لوگوں نے 108  کی مدد سے زخمیوں کو ضلع اسپتال چھترپور بھیجا۔ لوگوں نے بتایا کہ حادثہ کافی دردناک تھا۔ ٹرک سے ٹکرا کر آٹو کے پرخچے اڑ گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔