کنگنا کے پاسپورٹ کی تجدید سے اتھارٹی کا انکار، اداکارہ کی بامبے ہائی کورٹ میں اپیل

اداکارہ نے عدالت عالیہ کو پیش کی گئی اپنی درخواست میں کہا کہ بانڈرا پولیس کی جانب سے ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر اتھارٹی ان کے پاسپورٹ کی تجدید سے انکار کر رہی ہے

کنگنا رناوت، تصویر ٹوئٹر
کنگنا رناوت، تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے پاسپورٹ کی تجدید کا مطالبہ کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے عدالت عالیہ کو پیش کی گئی اپنی درخواست میں کہا کہ بانڈرا پولیس کی جانب سے ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر اتھارٹی ان کے پاسپورٹ کی تجدید سے انکار کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ نفرت آمیز ٹوئٹ کرنے اور ملک سے غداری کے معاملہ میں کنگا اور ان کی بہن رنگولی چندیل کے خلاف بانڈرا پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔

کنگنا نے ہائی کورٹ کو پیش کی گئی درخواست میں کہا کہ چونکہ وہ ایک اداکارہ ہیں لہذا انہیں پیشہ ورانہ ملاقاتوں کے سلسل ہ میں ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک کا بھی سفر کرنا ہوتا ہے۔ کنگنا نے اطلاع دی ہے کہ انہیں ایک فلم، جس میں ان کا اہم کردار ہے، اس کی عکس بندیط کے سلسلہ میں 15 جون سے اگست 2021 تک بڈاپیسٹ کا دورہ کرنا ہے۔


کنگا نے مزید بتایا کہ ان کا پاسپورٹ ستمبر 2021 میں ختم ہو جا رہا ہے اور انہیں اس کی تجدید کرانی ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے اس درخواست پر تاحال کوئی جواب نہیں آیا ہے کہ اتھارٹی پاسپورٹ کی تجدید کرے یا نہیں۔ تاہم ملک سے غداری کے مقدمہ کی وجہ سے کنگنا کی پریشانیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوت اپنے تلخ بیانات کے حوالہ سے سرخیوں میں بنی رہتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بنگال انتخابات کے بعد بھڑکنے والے فسادات کے حوالہ سے بھی کئی ٹوئٹ کئے تھے۔ نیز ممتا بنرجی کے خلاف نازیبا کلیمات بھی کہے تھے۔ اس کے بعد ٹوئٹر نے ان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔