سرکاری منصوبوں کی تشہیر کے لیے فوج کے استعمال کی کوشش خطرناک: جئے رام رمیش
کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ ہندوستانی فوج پورے ملک کی فوج ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہماری بہادر فوج کبھی بھی ملک کی داخلی سیاست کا حصہ نہیں بنی۔
کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت پر اپنے سیاسی فائدے کے لیے فوج کا استعمال کیے جانے کو لے کر زوردار حملہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں حکومت کے ذریعہ سرکاری منصوبوں کی تشہیر کے لیے فوج کا استعمال کیے جانے کو گھٹیا کوشش ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے اس معاملے میں فوری مداخلت کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک میڈیا رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فوج ملک بھر میں سرکاری منصوبوں کی تشہیر میں مدد کرے گی۔ اسی پر کانگریس کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے اپنے پوسٹ میں اس میڈیا رپورٹ کو بھی منسلک کیا ہے جس میں اس سے متعلق خبر شائع ہوئی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری (مواصلات) جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج پورے ملک کی فوج ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہماری بہادر فوج کبھی بھی ملک کی داخلی سیاست کا حصہ نہیں بنی۔ انھوں نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ساڑھے نو سال کی حکومت کے دوران مہنگائی، بے روزگاری اور سبھی محاذ پر ناکام رہنے کے بعد مودی حکومت اب فوج سے اپنی سیاسی تشہیر کرانے کا بے حد گھٹیا کوشش کر رہی ہے۔ فوج کی سیاست کاری کرنے کی یہ کوشش بے حد خطرناک قدم ہے۔‘‘
جئے رام رمیش نے اپنے پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی افواج کی اعلیٰ کمانڈر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جی سے ہماری گزارش ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کر کے مودی حکومت کو اس غلط قدم کو فوراً واپس لینے کی ہدایت دیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔