کسان تحریک کو آدھی رات میں لاٹھی کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام جمہوریت کے ہر اصول کے خلاف ہے اور کانگریس کسانوں کی اس جدوجہد کے ساتھ کھڑی رہے گی
نئی دہلی: غازی پور بارڈر پر بھاری تعداد میں پولیس فورسز کی تعیناتی اور انتظامیہ کی جانب سے کسانوں کو احتجاج کے مقام کو خالی کرنے کے الٹی میٹم پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام جمہوریت کے ہر اصول کے خلاف ہے اور کانگریس کسانوں کی اس جدوجہد کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’کل آدھی رات کو لاٹھی سے کسان تحریک کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ آج غازی پور اور سنگھو بارڈر پر کسانوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔ یہ جمہوریت کے ہر اصول کے خلاف ہے۔ کانگریس کسانوں کی اس جدوجہد کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ کسدان ملک کا مفاد ہیں، جو انہیں توڑنا چاہتے ہیں وہ غدارِ ملک ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی نے مزید لکھا، ’’پُر تشدد عناصر پر سخت کارروائی کی جائے لیکن جو کسان پُر امن طریقہ سے مہینے سے جدوجہد کر رہے ہیں، ان کے ساتھ ملک کے عوام کی پوری طاقت کھڑی ہے۔‘‘
خیال رہے کہ آج دوپہر بعد اچانک غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹ اور متعدد دیگر اعلی عہدیدار غازی پور بارڈر پر چلنے والے کسانوں کے احتجاج کے مقام پر پہنچ گئے اور انہیں شام کے اواخر تک احتجاجی مقام کو خالی کرنے کا الٹی میٹم دیا۔ اس کے فوراً بعد ہی غازی پور کی سرحد پر بھاری پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے۔ اس سے قبل گذشتہ رات غازی پور بارڈر پر بجلی اور پانی کی فراہمی بند کر دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔