پلوامہ میں CRPF قافلے پر حملہ نہایت افسوسناک اور قابل مذمت: جمعیت اہل حدیث
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سربراہ مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے پلوامہ کے خود کش حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے افسوسناک، بزدلانہ اور بدبختانہ عمل قرار دیا ہے۔
دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سربراہ مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف قافلے پر خود کش حملہ، جس میں چالیس سے زائد جوان جاں بحق ہوگئے، کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے افسوسناک، بزدلانہ اور بدبختانہ عمل قرار دیا ہے۔ مولانا اصغر نے کہا کہ ملی ٹینٹوں نے وقتا فوقتا جس طرح فوجیوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے وہ ملک کی سیکورٹی اور حکومت کے لیے لمحہ فکریہ اور تمام بھاریتوں اور انسانیت نوازوں کے لئے عظیم سانحہ اور صدمہ جانکاہ ہے۔ حکومت کو جلد از جلد ایسے اقدامات اور تدابیر اختیار کرنی چاہئیں جن سے ہمارے بیش قیمت اثاثہ اورقابل فخر فوجی جوانوں اورعوام کی جان ومال محفوظ رہ سکے۔ نیز غیر ریاستی عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام و نامراد ہوسکیں۔
مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے مزید کہا کہ حکومت اور انٹیلی جینس کو حالات پر کڑی نظر رکھنی چاہئے تاکہ پھرکبھی اس طرح کے دلدوز حادثات وقوع پذیر نہ ہوں، جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اوردہشت گردانہ کارروائیوں کے اصل مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کسی مصلحت سے کام نہ لیا جائے۔
مولانا اصغر نے اپنے بیان میں اس سازشی اور بزدلانہ حملے میں ہلاک ہوئے بہادر فوجی جوانوں کے ورثا اورپسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اس خود کش حملہ کے شکار ہوئے سپوتوں کو امر قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اس عزم کو دہرایا ہے کہ ہمارے فوجی اورسرحدوں کے محافظوں کو کسی بھی طرح سے کمزور ومرعوب نہیں کیا جا سکتا ہے بلکہ اس طرح کی مذموم حرکتوں سے ہمارے جوانوں کے حوصلے اور بلند ہوں گے اور یہ بزدلانہ حملہ ان کی شجاعت ودلیری میں مزید اضافہ کا سبب بنے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ غیر ریاستی عناصر کی مذموم کوششوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے اور انہیں ضرور کیفر کردار تک پہنچاکراس سلسلہ کو بند کیا جائے گانیز دشمن کو کسی بھی قیمت پر اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔