لاک ڈاؤن: لوگوں کو سمجھانے گئی بریلی پولس پر حملہ، آئی پی ایس افسر سمیت کئی زخمی

پولس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے پورے واقعہ کی ویڈیو ریکارڈنگ پولس کے پاس موجود ہے اور اس میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی کے عزت نگر علاقے میں پیر کو لاک ڈاؤن کے درمیان بھی باہر نکلنے اور دوکان کھولنے والے افراد کو سمجھانے گئی پولیس پر شرپسند عناصر نے حملہ کردیا۔ جس میں آئی پی ایس افسرابھیشیک سمیت کئی پولیس اہلکا ر زخمی ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (شہر) روندر سنگھ نے یہاں بتایا کہ عزت نگر علاقے کے کرمپور چودھری میں گشتی دستے کے دو پولیس اہلکار گاؤں میں لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کے لئے گئے تھے کہ اسی درمیان وہاں لوگوں نے ان پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس اہلکار بیرئیر چوکی واپس آگئے۔ کچھ دیر بعد 200 سے 250 کی تعداد میں لوگ وہاں بھی پہنچ گئے اور پتھراؤ کے ساتھ پولیس ٹیم پر حملہ کردیا۔ اور پولیس چوکی کو آگ کے حوالے کرنے کی کوشش کی۔


انہوں نے بتایا کہ اضافی پولیس اہلکار کو بلا کر پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے شرپسند عناصر کو منتشر کیا اور موقع سے خواتین سمیت 8 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا ہے۔ اس دوران آئی پی ایس ابھیشیک ورما اور دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا کہنا ہے پورے واقعہ کی پولیس کے پاس ویڈیو ریکارڈنگ ہے اور اس میں ملوث تمام ہی افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمرے سے نگرانی کر کے شرپسند عناصر کی نشاندہی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔