آتشی کو ملا نیا آشیانہ، اروند کیجریوال کے پرانے بنگلہ میں منتقل ہوئیں دہلی کی وزیر اعلیٰ
دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی اب 6 فلیگ اسٹاف روڈ واقع بنگلہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات تک رہنے والی ہیں۔ پیر کو ان کا سامان اس بنگلے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی اب 6 فلیگ اسٹاف روڈ واقع بنگلہ میں رہیں گی۔ پیر کو ان کا سامان اس بنگلے میں منتقل کر دیا گیا۔ اس کے بعد وہ وزیر اعلیٰ رہائش پہنچیں۔ وہاں کے ملازمین سے ملاقات کی اور ان کا تعارف لیا۔ واضح ہو کہ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد گزشتہ جمعہ کو وزیر اعلیٰ رہائش خالی کر دی تھی جس کے بعد آتشی کے یہاں منتقل ہونے کی راہ ہموار ہوگئی۔ اروند کیجریوال ابھی راجیہ سبھا رکن اشوک متل کو الاٹ رہائش 5 فیروز شاہ روڈ میں رہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ آتشی اب آئندہ اسمبلی انتخابات تک اسی بنگلے میں رہنے والی ہیں۔ ابھی تک وہ متھرا روڈ کے اے بی-17 نمبر بنگلے میں رہتی تھیں۔ یہاں وہ مارچ 2023 میں وزیر بننے کے بعد سے رہ رہی تھیں۔ یہ بنگلہ پہلے وزیر رہنے کے وقت منیش سسودیا کے نام سے الاٹ تھا۔ سسودیا بھی اپنے کنبہ کے ساتھ متھرا روڈ پر واقع رہائش خالی کرکے پنجاب کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ کو ملے راجندر پرساد روڈ کے بنگلے میں منتقل ہو گئے تھے۔ ایسے میں متھرا روڈ کی رہائش بھی اب خالی ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق دہلی میں وزیر اعلیٰ کے لیے کوئی بھی سرکاری طور پر وزیر اعلیٰ رہائش نہیں ہے۔ عآپ سربراہ سے پہلے جتنے بھی وزیر اعلیٰ ہوئے، وہ الگ الگ بنگلوں میں رہ چکے ہیں۔ 1993 میں مدن لال کھرانہ کو 33 شامناتھ مارگ، ان کے بعد صاحب سنگھ ورما کو 9 شامناتھ مارگ اور شیلا دکشت کو پہلے اے بی-17 متھرا روڈ اور دوسری مدت کار میں 3 موتی لال نہرو مارگ والا بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اپنے حساب سے بنگلے کا انتخاب کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد وہ اپنے نجی گھر میں رہتے ہیں۔ ان کو الگ سے کسی بھی طرح کا بھتہ نہیں دیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔