کرناٹک میں ٹوٹا ’تاؤتے‘ گردابی طوفان کا قہر، اب تک 8 افراد ہلاک
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندر نے بتایا کہ کشتی ’کورومنڈل‘ پر سوار نو لوگوں کو بچانے کی مہم کو انجام دینے کے لئے پیر کو ایک ہیلی کاپٹر منگلور ہوائی اڈے پر اترا اور راحت اور بچاو مہم پیر کو شروع ہوئی۔
منگلورو: کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع اور ملناڈ علاقہ میں سمندری طوفان تاوتے کی وجہ سے تیز ہواوں اور شدید بارش سے کم از کم آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی۔ ایک افسوناک واقعہ میں منگلورو ساحل سے دور سمندر میں سنیچر کو ایک کشتی پلٹ گئی۔ مقامی لوگوں نے ٹیوب کا استعمال کرکے کشتی پر سوار آٹھ لوگوں میں سے تین کو بچا لیا جبکہ دو لوگوں کی لاشیں برآمد ہوگئی ہیں اور تین لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندر نے بتایا کہ کشتی ’کورومنڈل‘ پر سوار نو لوگوں کو بچانے کی مہم کو انجام دینے کے لئے پیر کو ایک ہیلی کاپٹر منگلور ہوائی اڈے پر اترا اور راحت اور بچاو مہم پیر کو شروع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی ساحلی محافظ اور ساحل سیکورٹی پولیس کے جوان چھ میٹر کی اونچائی تک اٹھتی لہروں اور 25 میلی فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہواؤں کے سبب سمندر کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے راحت اور بچاو مہم نہیں چلا سکے تھے۔ اسی کی وجہ سے بچاو مہم میں کمی آئی ہے۔
ہندوستانی ساحلی محافظ کا جہاز آئی این ایس وراہ ملکی راکس سے محض 500 میٹر کی دوری پر ہے اور صورتحال پر قریب سے نظر رکھی جارہی ہے۔ اس درمیان جنوبی کنڑ اور اڈوپی اضلاع میں بارش رک گئی ہے لیکن آسمان میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاستوں میں تاوتے کا اثر 20 مئی تک رہنے کے آثار ہیں۔ تیز ہواوں اور طوفان کی وجہ سے جنوبی کنڑ ضلع میں بنیادی ڈھانچوں، گھروں اور سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
تاوتے طوفان کی وجہ سے جنوبی کنڑ ضلع میں سنیچر سے شدید بارش ہو رہی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے نالے اور چھوٹی ندیاں اوفان پر ہیں۔ کادنورو اور بیتری میں کاویری ندی کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ ضلع انچارج وزیر کوٹا شری نواس پجاری نے اتوار کی رات ہنگامی میٹنگ کے دوران کہا کہ جنوبی کنڑ ضلع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں طوفان تاوتے کی وجہ سے ہوئی شدید بارش اور تیز ہواوں کی وجہ سے 14گھر مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں اور تقریباً 108 گھروں کو جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے۔
اس ضلع کے نچلے علاقو ں میں رہنے والے 84 کنبے شدید بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 380 متاثرہ لوگوں کو راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں پر تمام لوگوں کی کورونا جانچ کی جائے گی۔ اگر کوئی کورونا پازیٹیو ملا تو اسے کووڈ کیئر سنٹر میں شفٹ کردیا جائے گا۔ ضلع انتظامیہ کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔