بہار: نتیش کمار کے فلور ٹیسٹ سے قبل اسمبلی اسپیکر وجے سنہا کا استعفی

اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ہی اسپیکر سجے سنہا نے کہا کہ ان کے خلاف کئی بیجا الزامات عائد کئے گئے، وہ بہت پہلے استعفی دینا چاہتے تھے لیکن انہیں الزامات کا جواب دینا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار اسمبلی میں آج نتیش کمار کی قیادت والی عظیم اتحاد حکومت کو اکثریت ثابت کرنے سے قبل ہی اسپیکر نے استعفی کا اعلان کر دیا۔ اسمبلی میں جیسے ہی کارروائی کا آغاز ہوا اسپیکر نے کہا کہ ان کے خلاف کئی طرح کے الزامات عائد کئے گئے اور وہ بہت پہلے ہی استعفی دینا چاہتے تھے لیکن انہیں الزامات کا جواب دینا تھا۔

وجے سنہا نے کہا کہ وہ اصولوں کے مطابق کام کر رہے ہیں اور ان کے خلاف جو عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے وہ غیر آئینی ہے۔ خیال رہے کہ عظیم اتحاد سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان اسمبلی نے خط لکھ کر اسمبلی اسپیکر وجے سنہا کا استعفی مانگا تھا۔ تاہم وجے سنہا نے کہا کہ 9 میں 8 ارکان اسمبلی کے مکتوب اصول و ضوابط کے خلاف ہیں۔


اب نتیش کمار حکومت کو فلور ٹیسٹ کا سامنا کرنا ہے۔ فلور ٹیسٹ کے لئے خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ عظیم اتحاد کے ارکان کی تعداد مطلوبہ ہندسہ 122 سے کہی زیادہ 164 ہے۔ جبکہ بی جے پی کے صرف 77 ارکان اسمبلی ہیں۔

بہار میں مہاگٹھ بندھن حکومت کے قیام کے بعد سبھی کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں کہ اسمبلی اسپیکر وجے سنہا استعفیٰ دیں گے یا نہیں۔ ان کے خلاف پیش کی جا چکی تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ بہار اسمبلی کے دو روزہ خصوصی اجلاس کے آغاز سے قبل اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ لیکن انہوں نے واضح کر دیا تھا وہ ایسا ہر گز نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔