اسمبلی ضمنی انتخابات: انڈیا بلاک نے این ڈی اے کو دی پٹخنی، 13 میں سے 10 سیٹوں پر ملی کامیابی، دیکھیں تفصیل

13 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کے نتائج برآمد ہو چکے ہیں، کانگریس و ترنمول کانگریس کو 4-4، بی جے پی کو 2 اور عآپ و ڈی ایم کے کو 1-1 سیٹ پر کامیابی ملی ہے، ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کو جیت ملی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیا بلاک لیڈران کی فائل تصویر، سوشل میڈیا</p></div>

انڈیا بلاک لیڈران کی فائل تصویر، سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

گزشتہ 10 جولائی کو 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوئے تھے۔ آج، یعنی 13 جولائی کو سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹ کی گنتی ہوئی اور جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ مودی بریگیڈ کے لیے کسی زوردار جھٹکا سے کم نہیں ہے۔ انڈیا بلاک نے این ڈی اے کو پٹخنی دیتے ہوئے 13 اسمبلی سیٹوں میں سے 10 پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ صرف 2 اسمبلی سیٹوں پر این ڈی اے کو کامیابی ملی ہے۔ اگر پارٹی سطح پر نتائج کو دیکھیں تو کانگریس و ترنمول کانگریس کو 4-4، بی جے پی کو 2 اور عآپ و ڈی ایم کے کو 1-1 سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ ایک اسمبلی سیٹ پر آزاد امیدوار نے قبضہ جمایا ہے۔ آئیے، نیچے دیکھتے ہیں کس اسمبلی سیٹ پر کس امیدوار کو کامیابی ملی۔

1. بدری ناتھ (اتراکھنڈ):

کانگریس امیدوار لکھپت سنگھ بٹولا نے بدری ناتھ اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر سنگھ بھنڈاری کو 5224 ووٹوں سے شکست دی۔ لکھپت سنگھ کو 28161 ووٹ ملے تھے، جبکہ راجندر سنگھ کو 22937 ووٹ حاصل ہوئے۔


2. منگلور (اتراکھنڈ):

منگلور اسمبلی سیٹ پر بھی کانگریس نے ہی کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ یہاں کانگریس امیدوار قاضی محمد نظام الدین کو 31727 ووٹ حاصل ہوئے۔ دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار کرتار سنگھ بھڈانا کو 31305 ووٹ ملے، یعنی ہار اور جیت کا فاصلہ محض 422 ووٹوں کا رہا۔ تیسرے مقام پر بی ایس پی امیدوار عبیدالرحمن مونٹی رہے جنھیں 19559 ووٹ حاصل ہوئے۔

3. دیہرا (ہماچل پردیش):

ہماچل پردیش میں کانگریس امیدوار اور وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر (32737 ووٹ) کو دیہرا اسمبلی سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ اس سیٹ پر کانگریس نے 25 سال بعد کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ گزشتہ دو مرتبہ سے جیت حاصل کرنے والے بی جے پی کے ہوشیار سنگھ کو یہاں 9399 ووٹوں سے شکست ہوئی ہے۔


4. نالہ گڑھ (ہماچل پردیش):

ہماچل پردیش کی نالہ گڑھ سیٹ پر بھی کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں کانگریس امیدواور ہردیپ سنگھ باوا نے 34608 ووٹ حاصل کر بی جے پی امیدوار ایل ٹھاکر کو 8990 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

5. ہمیر پور (ہماچل پردیش):

ہماچل پردیش کی 3 اسمبلی سیٹوں میں ہمیر پور وہ واحد سیٹ ہے جسے بی جے پی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ یہاں بی جے پی کے آشیش شرما (27041 ووٹ) نے کانگریس امیدوار ڈاکٹر پشپندر ورما کو محض 1571 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔


6. رائے گنج (مغربی بنگال):

رائے گنج اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار کرشن کلیانی نے 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ انھوں نے 86479 ووٹ حاصل کیے، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار مانس کمار گھوش کو 36402 ووٹ ملے۔ تیسرے مقام پر کانگریس امیدوار موہت سین گپتا رہے جو 23116 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

7. راناگھاٹ جنوب (مغربی بنگال):

ترنمول کانگریس امیدوار مکٹ منی ادھیکاری نے راناگھاٹ جنوب اسمبلی سیٹ پر 113533 ووٹ حاصل کر 39 ہزار سے زائد ووٹوں کی جیت کو یقینی بنایا۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار منوج کمار بسواس کو ہرایا جنھیں 74485 ووٹ ملے۔ یہاں تیسرے مقام پر سی پی ایم امیدوار ارندم بسواس رہے جو محض 13082 ووٹ حاصل کر سکے۔


8. باگدا (مغربی بنگال):

باگدا اسمبلی سیٹ پر بھی ترنمول کانگریس کا ہی قبضہ رہا جہاں مدھوپرنا ٹھاکر (107706 ووٹ) نے بی جے پی امیدوار بنے کمار بسواس (74251 ووٹ) کو 33455 ووٹوں سے شکست دی۔

9. مانک تالا (مغربی بنگال):

مانک تالا اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار سپتی پانڈے نے یکطرفہ جیت حاصل کی۔ انھوں نے 83110 ووٹ حاصل کیے، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار کلیان چوبے کو محض 20798 ووٹ حاصل ہوئے۔ یعنی جیت اور ہار کے درمیان فاصلہ 62312 ووٹوں کا رہا۔


10. جالندھر مغرب (پنجاب):

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے موہندر بھگت نے پنجاب کی جالندھر مغرب اسمبلی سیٹ پر ایک بڑی جیت حاصل کی ہے۔ موہندر بھگت نے 55246 ووٹ حاصل کر بی جے پی امیدوار شیتل انگورل کو 37325 ووٹوں سے شکست دی۔ اس اسمبلی سیٹ پر کانگریس نے بھی اپنا امیدوار کھڑا کیا تھا، لیکن اسے 16757 ووٹ ہی حاصل ہو سکے۔

11. وکرونڈی (تمل ناڈو):

انڈیا بلاک میں شامل ڈی ایم کے نے تمل ناڈو کی وکرونڈی اسمبلی سیٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔ ڈی ایم کے امیدوار انیور سیوا نے 124053 ووٹ حاصل کیے، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والے پی ایم کے امیدوار انبومانی کو محض 56296 ووٹ ہی ملے۔


12. امرواڑا (مدھیہ پردیش):

بی جے پی امیدوار کملیش پرتاپ شاہ نے امرواڑا اسمبلی سیٹ پر 3027 ووٹوں سے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ انھوں نے 83105 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کانگریس امیدوار دھیرن ساہ سکھرام داس کو شکست دی جنھوں نے 80078 ووٹ حاصل کیے۔ گونڈوانا گنتنتر پارٹی امیدوار دیوی رام تیسرے مقام پر رہے جنھیں 28723 ووٹ ملے۔

13. روپولی (بہار):

روپولی اسمبلی سیٹ پر آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے 8246 ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ انھوں نے 68070 ووٹ حاصل کر جنتا دل یو امیدوار کالادھر پرساد منڈل کو شکست دی۔ آر جے ڈی امیدوار بیما بھارتی اس سیٹ پر 30619 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔