آسام-میگھالیہ سرحدی تشدد: لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ یا قبائلی حقوق چھیننے کی کوشش!
آسام-میگھالیہ سرحدی تشدد میں میگھالیہ کے مغربی جینتیا پہاڑیوں کے مکروہ گاؤں کے 5 دیہاتی مبینہ طور پر مارے گئے ہیں، جب کہ تشدد کی وجہ سے آسام کے ایک فارسٹ گارڈ کی بھی جان چلی گئی۔
آسام اور میگھالیہ کی سرحد پر منگل کی صبح آسام کے جنگلات کے اہلکار اور میگھالیہ کے مقامی گاؤں والوں کے درمیان وحشیانہ تصادم کے بعد کشیدگی عروج پر ہے جس میں چھ افراد تشدد کا شکار ہو چکے ہیں۔ میگھالیہ کے مغربی جینتیا پہاڑیوں کے مکروہ گاؤں کے 5 دیہاتی مبینہ طور پر مارے گئے ہیں، جب کہ تشدد کی وجہ سے آسام کے ایک فارسٹ گارڈ کی بھی جان چلی گئی۔ رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ آسام فاریسٹ گارڈ نے غیر قانونی لکڑی سے لدی ایک گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روکا جو مغربی کاربی انگلانگ ضلع سے میگھالیہ جا رہی تھی۔
اس واقعہ کو غیر انسانی بتاتے ہوئے میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما نے آسامی فارسٹ گارڈز اور پولیس کو میگھالیہ میں داخل ہونے اور دیہاتیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر تنقید کی۔ ان کی طرف سے، آسام پولیس نے اس بابت کہا ہے کہ انہوں نے اپنے دفاع میں گولی چلائی، جب گاؤں والوں کے ہجوم نے انہیں گھیر لیا۔ تاہم، آسام نے ویسٹ کاربی اینگلونگ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا تبادلہ کر دیا ہے، جبکہ جیریکنڈنگ پولیس اسٹیشن کے انچارج اور کھیرونی فاریسٹ رینج کے فارسٹ پروٹیکشن آفیسر کو معطل کر دیا ہے۔ اس سے شکوک پیدا ہوتے ہیں۔
دریں اثنا، میگھالیہ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے سات اضلاع – مغربی جینتیا ہلز، ایسٹ جینتیا ہلز، ایسٹ خاصی ہلز، ری بھوئی، ایسٹرن خاصی ہلز، ویسٹرن خاصی ہلز اور ساؤتھ ویسٹ خاصی ہلز میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی ہیں۔ میگھالیہ نے آسام کے ساتھ مشترکہ سرحد کو بھی بند کر دیا ہے، جس کی وجہ صرف میگھالیہ کی گاڑیوں کو ریاست میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ یہ صرف اس نتیجے کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ حکومت اس واقعے کو خون کی ہولی میں تبدیل کرنے سے روکنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی نے اطلاع دی ہے کہ میگھالیہ کے دیہاتیوں کے ایک گروپ نے آسام کے مغربی کاربی اینگلونگ ضلع میں جنگلات کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور اسے جلا دیا، جبکہ میگھالیہ کے دارالحکومت شیلانگ میں آسام نمبر پلیٹ والی ایک کار کو بھی جلا دیا گیا۔ لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ فی الحال پہاڑی ریاست میں نہ جائیں۔
گوہاٹی پولیس کے ڈپٹی کمشنر (مشرقی) سدھاکر سنگھ نے پی ٹی آئی کو بتایا، "کل سے، ہم لوگوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ میگھالیہ نہ جائیں جب تک کہ حالات مکمل طور پر معمول پر نہ آجائیں۔ ہم صرف نجی اور چھوٹی کاروں کے مالکان سے گزارش کر رہے ہیں کہ وہ سفر نہ کریں کیونکہ وہاں شرپسند عناصر ایسی گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔" منگل کی رات اور بدھ کی صبح گوہاٹی واپس آنے والے کچھ ٹیکسی ڈرائیوروں نے بتایا کہ میگھالیہ پولیس نے انہیں آسام کی سرحد پر پہنچایا، لیکن پھر بھی شرپسند عناصرنے ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔
کاچھر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نومل مہتا نے کہا کہ انہوں نے آسام اور دیگر ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں سے کہا کہ وہ پہاڑی ریاست کی درخواستوں کے مطابق میگھالیہ کے راستے سفر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ "میگھالیہ پولیس نے ہم سے درخواست کی تھی کہ گڑبڑی کے بعد اپنی ریاست کے اندر جانے والی گاڑیوں کو کنٹرول کریں۔ لوگوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر پابندیاں لگائی گئی ہیں،" اس واقعے کا تشویشناک نتیجہ یہ ہے کہ مکروہ گاؤں- تشدد کا مقام - ان چھ متنازعہ سرحدی علاقوں میں سے ایک میں آتا ہے جس پر دونوں ریاستیں دعویٰ کر رہی ہیں۔
اس کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے ترنمول کے قومی ترجمان ساکیت گوکھلے نے ٹوئٹ کیا، "یہ سانحہ @SangmaConrad اور @himantabiswa کی طرف سے دستخط کیے گئے سرحدی مفاہمت نامے کا نتیجہ ہے جہاں آسام کو میگھالیہ کی زمین مقامی لوگوں سے مشورہ کیے بغیر دی گئی ہے جو درج فہرست قبائل ہیں۔ 6 جانیں ضائع ہوئیں جن میں 5 میگھالیہ اور 1 آسام فاریسٹ گارڈ شامل ہے۔ آسام بی جے پی کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما کی حکومت نے @SangmaConrad جیسے بی جے پی کے زیر کنٹرول وزیراعلیٰ کی ملی بھگت سے قبائلی زمینیں چھین لی ہیں۔ بی جے پی کے ذریعہ قبائلی زندگیوں کو نظر انداز کرنا تکلیف دہ ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔