مودی کی سابقہ تقاریر کو نشر کردیں، تو کانگریس کو کسی تشہیر کی ضرورت نہیں ہوگی: گہلوت
اشوک گہلوت نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نے 2014 میں جو کہا انہوں نے اسے پورا نہیں کیا، اس وقت ملک میں تبدیلی کا وقت ہے اور کانگریس مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکے گی۔
لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی کانگریس نے بی جے پی کے خلاف حملہ آور رخ اور تیز کر دیا ہے، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ جس طرح کا سلوک اپوزیشن اور آئینی اداروں کے ساتھ کیا ہے اس سے یہی لگتا ہے کہ ملک خطرے میں ہے، بتا دیں کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ اتوار کو 17 ویں لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، پورے ملک میں 7 مراحل میں 543 سیٹوں پر پولنگ کرائی جائیں گی۔ 23 مئی کو انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگا، اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ضابطہ اخلاق بھی لاگو ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "ملک میں تبدیلی کا وقت ہے اور کانگریس مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکے گی، مودی جی نے 2014 میں جو بھی وعدے کیے انہیں پورا نہیں کیا گیا۔ پی ایم مودی اگر بالی ووڈ کے اداکار ہوتے تو زیادہ کامیاب ہوتے، کیونکہ وہ لٹکے، جھٹکے کے ساتھ بات کرتے ہیں، اپنے 5 سالہ دور میں انہوں نے کچھ بھی کام نہیں کیا صرف باتیں کی ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت میں سب کچھ غائب ہوا ہے، کالا دھن لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ملک کے کروڑوں روپے لے کر لوگ غائب ہو گئے، دو کروڑ روزگار دینے کی بات کہی گئی تھی وہ بھی غائب ہو گئی، بدعنوانی کی باتیں کرنے والے کی حکمرانی میں لوک پال بھی غائب ہوگیا، 15-15 لاکھ روپے آنے کی بات کہیں لیکن وہ بھی غائب ہوگئے، اب عوام اس کا جواب دے گی، اسمبلی انتخابات میں جس طرح عوام نے بی جے پی کو سرے سے خارج کر دیا تھا، ٹھیک ایسا ہی لوک سبھا انتخابات میں بھی ہونے والا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مودی کے صرف 2014 سے پہلے والی تقاریر نشر کر دیں جائیں تو کانگریس کو انتخابات میں تشہیر کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والی 23 مئی کو ملک میں ایک نئی حکومت بنے گی، اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔