آشیش مشرا کو ڈینگو! جیل ہسپتال میں بھرتی، جانچ کے لئے سیمپل بھیجا
اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ وہ یعنی آشیش مشرا کو ڈینگو ہو ا ہے یا نہیں۔ ان کا سیمپل جمعہ کو جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی تصویر صاف ہو گی۔
لکھیم پور کھیری تشدد کا کلیدی ملزم اور پولیس کسٹڈی میں ریمانڈ پر مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کی طبعیت خراب ہونے کی خبر ہے اور اس کی وجہ سے اسے جیل ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ریمانڈ ختم ہونے سے پہلے ہی آشیش مشرا کو جیل میں داخل کیا گیا ہے ۔ خبر ہے کہ ملزم آشیش مشرا کو ڈینگو ہو گیا ہے اور اسے جیل ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
واضح رہے آج تک نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق جیل کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ آشیش مشرا کو ڈینگو ہے یا نہیں اس کی تصدیق کے لئے اس کا سیمپل جانچ کے لئے لیب میں بھیجا گیا ہے۔ لکھیم پور کھیری ضلع جیل کے افسر پی پی سنگھ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’’اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ وہ یعنی آشیش مشرا کو ڈینگو ہو ا ہے یا نہیں۔ ان کا سیمپل جمعہ کو جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی تصویر صاف ہو گی۔‘‘
لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو کچلنے اور تشدد کے معاملہ میں کلیدی ملزم آشیش مشرا سمیت چار لوگوں کو عدالت نے جمعہ کو دو دن کی پولیس کسٹڈی ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔ معاملہ سے جڑے افسران نے ان چاروں ملزمان کی پولیس کسٹڈی ریمانڈ مانگی تھی جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔ واضح رہے لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں ملزم آشیش مشرا ، انکت داس، لطیف عرف کالے اور شیکھر بھارتی کی پولیس کسٹڈی آج شام پانچ بجے ختم ہو رہی ہے۔ اس مدت کے ختم ہونے سے پہلے ہی آشیش مشرا کو ڈینگو ہونے کی خبر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔