انجو کا کیا کرنا ہے، اب اروند جانے! پاکستان سے لوٹی بیٹی کا نام سنتے ہی مشتعل ہو گئے والد

پاکستان سے 4 ماہ بعد ہندوستان واپس آنے والی انجو کا کہنا تھا کہ وہ وہ گوالیار کے ٹیکن پور میں اپنے گھر جائے گی لیکن والد گیا پرساد نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ میرے گھر میں داخل نہیں ہو سکتی

<div class="paragraphs"><p>انجو اور نصراللہ، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

انجو اور نصراللہ، تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستانی خاتون انجو، جو پاکستان میں جا کر اپنے فیس بک فرینڈ نصر اللہ سے شادی کرنے کے بعد ہندوستان لوٹ آئی ہے، کے والد گیا پرساد تھامس اس پر سخت نالاں ہے اور نام سنتے ہی مشتعل ہو گئے۔ انجو نے نصر اللہ سے شادی کرنے سے پہلے مذہب اسلام قبول کر لیا تھا اور جب وہ ہندوستان میں لوٹی تو پولیس اور خفیہ محکمہ نے اس سے طویل پوچھ گچھ کی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق انجو کے والد گیان پرساد تھامس نے مشتعل ہو کر کہا ’’وہ پاکستان سے منہ کالا کر کے لوٹی ہے۔ اب اروند جانے، یا پولیس جانے۔ میرا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

پاکستان سے 4 ماہ بعد ہندوستان واپس آنے والی انجو اس وقت دہلی ایئرپورٹ پر ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ وہ گوالیار کے ٹیکن پور میں اپنے گھر جائے گی لیکن والد گیا پرساد نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ میرے گھر میں داخل نہیں ہو سکتی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے گیان پرساد نے کہا ’’میرے لیے تو وہ اسی دن مر گئی تھی، جس تن پاکستان گئی تھی۔ اب وہ وہاں سے منہ کالا کر کے واپس آئی ہے۔ ایسی حالت میں میں اسے اپنے گھر نہیں آنے دوں گا۔ باقی اروند جانے، وہ اس کا شوہر ہے۔ اسے جو کرنا ہے کر لے۔ پولیس بھی جو چاہے کرے۔ میرا انجو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کہاں ہے یا کہاں جائے گی۔‘‘


اس نے مزید کہا ’’اب وہ اپنے بچوں کے لیے آئی ہے؟ کیا اس سے پہلے اسے اپنے بچے یاد نہیں آئے؟ اگر وہ اپنے بچوں کے بارے میں اتنا سوچتی تو کبھی پاکستان نہ جاتی؟ لیکن اب جو ہونا تھا وہ ہو گیا۔ وہ ہمارے لیے مر چکی ہے۔ بچے بھی اس سے بات نہیں کرنا چاہتے۔‘‘

دوسری جانب انجو کے ہندوستان واپس آنے کے بعد جب اروند سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ نام سن کر غصے میں آ گیا۔ اس نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتا۔ اروند کے مطابق ’’مجھے کیسے پتہ چلے گا کہ وہ ہندوستان آئی ہے یا نہیں!‘‘ خیال رہے کہ اروند راجستھان کے بھیواڑی، الور سے تعلق رکھتا ہے۔ انجو اپنے شوہر اروند اور دو بچوں کے ساتھ راجستھان کے بھیواڑی میں ہی رہتی تھی۔ وہ سیاحتی ویزے پر پاکستان گئی تھی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ خیبرپختونخوا میں رہنے والے نصراللہ سے ملنے گئی ہے۔


انجو نے اپنے پاکستانی دوست نصراللہ سے شادی کی اور اپنا مذہب تبدیل کر کے فاطمہ بن گئی۔ جب انجو کے گھر والوں اور بچوں کو اس خبر کا علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ اب انجو سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران انجو نے ایسی کئی ویڈیوز پوسٹ کی تھیں جن میں اس نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بہت یاد کرتی ہے۔ بدھ کو انجو واہگہ بارڈر پہنچی، جہاں آئی بی اور پولیس نے اس سے پوچھ گچھ کی۔ انجو نے انہیں بتایا کہ وہ یہاں اروند کو طلاق دینے آئی ہے۔ وہ اپنے بچوں کو بھی اپنے ساتھ پاکستان جانے کی کوشش کرے گی۔ باقی بچوں پر منحصر ہے۔ اگر وہ ہندوستان میں رہنا چاہتے ہیں تو وہ یہاں رہ سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔