’اروند کیجریوال کی ضمانت پر رہائی جمہوریت کی جیت‘، مختلف پارٹیوں کے لیڈران نے عدالتی فیصلے کا کیا استقبال
پون کھیڑا نے کہا کہ ’’ہم سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 4 جون کے بعد نریندر مودی جی کو وقت ملے گا تاکہ وہ خود کا جائزہ لیں سکیں اور سمجھیں کہ وہ کس طرح کی سیاست کرتے ہیں۔‘‘
دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں اروند کیجریوال کو ملنے والی عبوری ضمانت کا مختلف پارٹیوں کے لیڈران نے استقبال کیا ہے۔ این سی پی-ایس پی کے سربراہ شردپوار، کانگریس میڈیا و پبلیسٹی شعبے کے سربراہ پون کھیڑا، ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر آدتیہ ٹھاکے نے کیجریوال کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔ کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے بھی اپنے شوہر کی ضمانت پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اسےعوام کی دعاؤں کا نتیجہ بتایا ہے اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال کو عبوری ضمانت ملنے پر کانگریس کی جانب سے میڈیا و پبلیسٹی شعبے کے سربراہ پون کھیڑا نے استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ 4 جون کے بعد نریندر مودی جی کو وقت ملے گا تاکہ وہ خود کا جائزہ لیں سکیں کہ وہ کس طرح کی سیاست کرتے ہیں۔ پون کھیڑا نے مزید کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو بھی جلد ہی انصاف ملے گا۔
این سی پی-ایس پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ میں سپریم کورٹ کی طرف سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دیے گئے عبوری ضمانت کے حکم کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے پارٹی کے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ہندوستان جمہوریت کی بقاء اور اس کے قدروں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کیجریوال کی ضمانت پر رِہائی کی خبر ملنے کے بعد اس فیصلے کا استقبال کیا ہے۔ انہوں نے بھی ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ اس (فیصلے) سے ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا ہے کہ موجودہ انتخابات کے پیشِ نظر سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ اچھے اثرات مرتب کرے گا۔
شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے کیجریوال کی ضمانت پر رہائی کو ملک میں تبدیلی کی ہوا کی ایک بڑی علامت قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں آمرانہ حکومت کے خلاف انصاف اور راحت کا ملنا تبدیلی کی ہوا کی ایک بڑی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیجریوال سچ بول رہے ہیں اور بی جے پی کو یہ بات ناپسند ہے۔ اب کیجریوال کی رِہائی سے انڈیا بلاک کو مزید طاقت ملے گی۔ آدتیہ ٹھاکرے نے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
سماجوادی پارٹی سربراہ اور یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی کیجریوال کی ضمانت پر رہائی کا استقبال کیا ہے۔ ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ دہلی کے ہردلعزیز وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت سچائی کی ایک اور جیت ہے۔ ’انڈیا بلاک‘ کی طاقت اور اتحاد بی جے پی کی پریشانی اور مصائب میں مبتلا کرنے والی حکومت سے ہندوستان کی عوام کو آزادی دلانے جا رہی ہے۔ متحد ہو کر ووٹنگ کا عہد کریں۔
اروند کیجریوال کی عبوری ضمانت پر ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ’ہنومان کی جے‘ نعرہ بلند کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کی جیت ہے، یہ لاکھوں لوگوں کی دعاؤں اور نیک خواہشات کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ کی دو ججوں کی بنچ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے انہیں 2 جون کو خود سپردگی کرنے کے لیے کہا ہے۔ عبوری ضمانت دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی کیجریوال کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والے پورے کیس کی سماعت کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔