گڈکری جی! آپ بھی مجھے معاف کر دیجئے: کیجریوال
مجیٹھیا سے معافی مانگنے کے بعد کیجریوال نے گڈکری اور سبل سے بھی معافی مانگ لی ہے اور ذرائع کے مطابق وہ ارون، شیلا دیکشت اور بی جے پی رہنما رمیش بدھوڑی سے بھی معافی مانگنے والے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اکالی دل کے رہنما وکرم مجیٹھیا سے معذرت کےبعد عام آدمی پارٹی کی پنجاب اکائی میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا۔ یہ ہنگامہ ابھی تھما بھی نہیں تھا کہ کیجریوال نے مزید رہنماؤں سے معذرت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق کیجریوال آگے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی، کانگریس کی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت اور بی جے پی کے رہنما رمیش بدھوڑی سے بھی معافی مانگنے والے ہیں۔
اس سلسلہ میں اروند کیجریوال نے بی جے پی کے سابق صدر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری سے معذرت کی ہے۔ علاوہ ازیں ، کیجریوال نے کانگریس کے رہنما کپل سبل اور ان کے بیٹے امت سبل سےبھی معافی مانگ لی ہے۔
اروند کیجریوال نے 16 مارچ کو بی جے پی کے رہنما نتن گڈکری کو ایک خط تحریر کیا جس میں انہوں نے لکھا، ’’ہم دونوں مختلف جماعتوں میں ہیں۔ میں نے بغیر جانچ کئے آپ پر کچھ الزامات عائد کئے جن سے آپ کو تکلیف پہنچی ہوگی لہٰذا آپ نے میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ ذاتی طور پر مجھے آپ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لہٰذا میں آپ سے معذرت خواہ ہوں۔‘‘
نتن گڈکری نے ہتک عزت کیس معاملے میں ایک عرضی بھی عدالت میں داخل کرادی ہے ۔ عرضی کے مطابق نتن گڈکری پٹیالہ ہاؤس عدالت میں چل رہے مقدمہ کو واپس لینا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں ، اروند کیجریوال نے پنجاب کے سابق وزیر اوراکالی دل کے رہنما وکرم سنگھ مجیٹھیا سے معذرت کی تھی۔ پنجاب اسمبلی کے لئے 2017 میں ہوئے انتخابات کی تشہیر کرتے وقت کیجریوال نے مجیٹھیا پر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنے گی تو مجیٹھیا کو جیل میں بھیج دیا جائے گا۔
کیجریوال کے الزامات کے خلاف مجیٹھیا نے ہتک عزت مقدمہ کر دیا تھا۔ کیجریوال کی اس معذرت کے بعد عام آدمی پارٹی کی پنجاب اکائی کے رہنما سخت ناراض ہو گئے اور پارٹی میں پھوٹ کی نوبت آ چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Mar 2018, 5:08 PM