مالیہ معاملے میں جیٹلی کو برخاست کیا جائے: کانگریس

سرجے والا نے کہا، مالیہ معاملے میں وزیر خزانہ کے کردار کا بھی پردہ فاش ہوچکا ہے اس لئے جیٹلی کو برخاست کرکے وزیراعظم کےدفتر کے رول کی باریکی سے جانچ ہونی چاہئے۔

تصویر یو ٹیوب ویڈیو گریب
تصویر یو ٹیوب ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے بینکوں کے 9 ہزار کروڑ روپے لے کر غیر ملک فرار ہونے والے شراب کے کاروباری وجے مالیہ کے فرار کرانے میں وزیراعظم نریندر مودی سے بیان دینے اور وزیراعظم دفتر کے رول کی تفصیلی جانچ اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے آج یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ اب تک جو ثبوت سامنے آئے ہیں ان سے صاف ہوگیا ہے کہ مالیہ کو فرار کرانے میں حکومت کی ملی بھگت ہے۔ جیٹلی قبول کرچکے ہیں کہ غیر ملک جانے سے قبل مالیہ ان سے ملے تھے جبکہ اس ملاقات کا انہوں نے کبھی ذکر نہیں کیا ۔ مالیہ معاملے میں اب وزیر خزانہ کے کردار کا بھی پردہ فاش ہوچکا ہے اس لئے جیٹلی کو برخاست کرکے وزیراعظم کےدفتر کے رول کی باریکی سے جانچ ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مالیہ کو بھگانے کے سلسلے میں جس طرح کے ثبوت سامنے آرہے ہیں اس کے دائرے میں وزیراعظم کے دفتر کا کردار واضح دکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیہ کے ٹھکانے پر 10 اکتوبر 2015 کو جب سی بی آئی نے چھاپہ مارا تو اس کے ہاتھ بہت ہی اہم دستاویز لگے ہیں اس لئے 6دن بعد ہی لک آؤٹ نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ پھر 6 دن بعد دعوی کیا جاتا ہے کہ مالیہ واپس آجائے گا اس لئے امیگریشن دفتر کو لک آؤٹ نوٹس واپس لینے کو کہا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس معاملے میں وزیراعظم دفتر کے کردار کی باضابطہ جانچ ضروری ہے کیونکہ سی بی آئی اسی کے ماتحت ہے اور وزیراعظم دفتر کی حمایت کے بغیر مالیہ کے خلاف جاری نوٹس کو بدلا نہیں جاسکتا۔ اس کے ساتھ ہی اس کی بھی جانچ ہونی چاہئے کہ 17 بینکوں نے مالیہ کے خلاف کس کے کہنے پر کارروائی نہیں کی۔ اس میں سب سے بڑے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے کردار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔