ارنب گوسوامی کو بامبے ہائی کورٹ نے دیا جھٹکا، عبوری ضمانت کی درخواست مسترد
ارنب گوسوامی اور 2 دیگر افراد فیروز شیخ و نتیش کو ممبئی واقع علی باغ پولس نے انٹیریر ڈیزائنر انوے نائک اور اس کی والدہ کی خودکشی کے الزام میں گزشتہ 4 نومبر کو گرفتار کیا تھا۔
بامبے ہائی کورٹ نے ’ریپبلک ٹی وی‘ کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کو آج زبردست جھٹکا دیتے ہوئے انھیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ ارنب گوسوامی کو ممبئی پولس نے گزشتہ 4 نومبر کو خودکشی کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا تھا اور پھر انھیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ارنب گوسوامی کے وکیل نے ضمانت کے لیے درخواست کی تھی جس پر ہفتہ کے روز بامبے ہائی کورٹ نے اپنا حکم محفوظ کر لیا تھا۔ آج جب عدالت نے حکم سناتے ہوئے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تو ارنب گوسوامی کے لیے یہ ایک بہت بڑا جھٹکا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ارنب گوسوامی اور 2 دیگر افراد فیروز شیخ و نتیش کو ممبئی واقع علی باغ پولس نے انٹیریر ڈیزائنر انوے نائک اور اس کی والدہ کی خودکشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ 2018 میں ہوئے اس خودکشی واقعہ کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ ایک خودکشی نوٹ میں مہلوکین نے ملزمین کا نام لکھتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے ذریعہ واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب وہ خودکشی کر رہے ہیں۔
بہر حال، ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتاری کے بعد، گوسوامی کو علی باغ لے جایا گیا، جہاں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کواور دو دیگر افراد کو 18 نومبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ اتوار کے روز انہیں مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ ضلع کی تلوجا جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ پولس کے مطابق گوسوامی کو عدالتی تحویل میں رہتے ہوئے مبینہ طور پر موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پائے جانے کے بعد تلوجا جیل منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : این جی ٹی نے لگائی دہلی-این سی آر میں پٹاخوں پر پابندی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔