فوج ہر صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے کہا کہ گزشتہ سال ہندوستانی فوج نے سیکورٹی سے متعلق چیلنجز کا عزم کے ساتھ سامنا کیا اور سرحدوں کی حفاظت کو مستعدی اور مضبوطی کے ساتھ یقینی بنایا۔

<div class="paragraphs"><p>آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بنگلورو: آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے آج قوم کو یقین دلایا ہے کہ بین الاقوامی فورمز میں ہندوستان کے بڑھتے قد، اقتصادی ترقی اور ہمہ جہتی ترقی کے درمیان، کسی بھی سیکورٹی چیلنج کو اس کی امنگوں اور توقعات کے راستے میں نہیں آنے دیا جائے گا اور فوج لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ جنرل پانڈے نے یہ بات یہاں آرمی ڈے کے موقع پر پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ دارالحکومت کے باہر آرمی ڈے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ فوج کے سینئر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پانڈے نے کہا کہ ’’آج ہندوستان ایک نئے دور کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ ہم سب بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے قد، اقتصادی ترقی کو دیکھ رہے ہیں۔ ہم اہل وطن کی بڑھتی ہوئی امنگوں اور عالمی برادری کی توقعات کے بھی گواہ ہیں۔ اس سب کی وجہ سے یہ ضروری ہے کہ ہندوستانی فوج قومی اہداف اور مقاصد کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ اور مربوط رہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ سلامتی کے نقطہ نظر سے قوم کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔


انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہندوستانی فوج نے سیکورٹی سے متعلق چیلنجز کا عزم کے ساتھ سامنا کیا اور سرحدوں کی حفاظت کو مستعدی اور مضبوطی کے ساتھ یقینی بنایا۔ ساتھ ہی فوج نے صلاحیتوں کو بڑھانے، فورس کے ڈھانچے اور تربیت کو بہتر بنانے اور مستقبل کی جنگوں کے لیے اپنی تیاری کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی سرحدی علاقوں میں صورتحال معمول پر ہے اور قائم پروٹوکول اور موجودہ سرحدی نظام کے ذریعے امن و سکون برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر مضبوط دفاعی صورت حال کو برقرار رکھتے ہوئے ہم کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ہمارے بہادر جوان، دشوار گزار خطوں اور سخت موسم کے باوجود چوکسی کے ساتھ تعینات ہیں۔ انہیں ہر قسم کا اسلحہ، آلات اور سہولیات وافر مقدار میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ سرحدوں پر مقامی انتظامیہ، دیگر ایجنسیوں اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔ اسے مزید جدید بنانے پر بھی پوری توجہ دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔