بلند شہر تشدد:انسپیکٹر سبودھ کا مبینہ قاتل فوجی جوان جیتو ایس ٹی ایف کو سپرد
انسپیکٹر سبودھ کمار سنگھ کو گولی مارنے کے مبینہ ملزم فوجی جوان جتیندر ملک عرف جیتو کو فوج نے میرٹھ میں اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے سپرد کردیا ہے
لکھنؤ، 9 دسمبر (یو این آئی) بلند شہر میں گئوكشي کے لئے گزشتہ تین دسمبر کو ہونے والے تشدد کے دوران سيانہ کوتوالی تھانہ انچارج سبودھ کمار سنگھ کو گولی مارنے کے مبینہ ملزم فوجی جوان جتیندر ملک عرف جیتو کو فوج نے میرٹھ میں اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے سپرد کردیا ہے۔
ایس ٹی ایف کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک سنگھ نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر سے گرفتار کرنے کے بعد فوج سنیچر کی رات اسے میرٹھ لے آئی تھی۔ فوج نے رات تقریبا 12 بجکر 50 منٹ پر جتیندر ملک کو ایس ٹی ایف کے حوالے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ٹی ایف مبینہ ملزم کو لے کر بلند شہر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، کیونکہ معاملے کی جانچ مقامی پولیس ہی کر رہی ہے اور آگے کی کارروائی بھی بلند شہر پولیس کرے گی۔ ملزم کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ جیتو پر الزام ہے کہ اس نے ہی تین دسمبر کو بلندشهر میں گئوكشي کے لئے ہونے والے تشدد کے دوران مبینہ طورپر سيانا تھانہ انچارج انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی پستول چھین کر اسے گولی ماری تھی۔ اس واقعہ میں انسپکٹر سبود ھ کمار کے علاوہ ایک نوجوان سمت کی بھی موت ہوگئی تھی۔ معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی کی طرف سے کی جارہی ہے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ سبودھ کمار سنگھ کے قتل کا مبینہ ملزم 22 قومی رائفلز کے تحت جموں و کشمیر کے سوپور میں تعینات جتیندر ملک کا کہنا ہے کہ اسے واقعے کے بارے میں پتہ ہی نہیں ہے۔ اس کی بیوی اور آرمی میں اس کے بھائی دھرمیندر نے کہا جیتو بے قصور ہے اور اسے سازش کے تحت پھنسایا جا رہا ہے۔ ان کے پاس بھائی کی بے گناہی کے ثبوت ہیں اور وقت آنے پر وہ ان کے سامنے پیش کریں گے۔ اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریاستی حکومت نے سنیچر كو بلند شہر کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ کرشن بہادر سنگھ کو ہٹا کر انہیں پولیس ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹر میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ سیتاپور کے پولس سپرنٹنڈنٹ پربھاکر چودھری کو مسٹر سنگھ کی جگہ بلند شہر بھیجا گیا۔ اس کے علاوہ سيانا پولیس علاقائی افسر ستیہ پرکاش شرما اور چگراوٹي کے چوکی انچارج سریش کمار کو بھی وہاں سے ہٹا دیا گيا ہے۔ اس واقعہ میں اب تک نو ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Dec 2018, 1:07 PM