بہار: گیا میں فوجی توپ کا گولہ دیہی علاقے میں جا گرا، تین لوگوں کی موت، 6 سے زائد افراد زخمی
شیر گھاٹی ایس ڈی او انل کمار رمن نے کہا کہ ٹیم ہمیشہ فائرنگ سے پہلے اور بعد میں این او سی لیتی ہے، گولہ فائرنگ رینج کے باہر گرا ہے، مستقبل میں ایسا کوئی حادثہ نہ ہو اس کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
بہار کے گیا ضلع میں بدھ کے روز فوجی ٹریننگ کے دوران داغا گیا ایک توپ کا گولہ دیہی علاقے میں جا گرا، جس کے پھٹنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں چھ سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ باراچٹی تھانہ کے ایس ایچ او نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ضلع کے باراچٹی تھانہ حلقہ کے گبیر بند گاؤں میں ٹریننگ کے دوران صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ہوا۔
زخمیوں کو گیا کے مگدھ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد مشتعل دیہی عوام نے ضلع انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ گیا پولیس کے ایک افسر کے مطابق گلیر بند فائرنگ رینج میں توپوں سے فائرنگ کی ٹریننگ چل رہی تھی، تبھی ایک توپ کا گولہ رہائشی علاقے میں گر گیا جس سے حادثہ ہو گیا۔ آگے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
گیا کے سٹی ایس پی اشوک پرساد نے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل کر جانچ کرائی جائے گی۔ زخمی اور اسپتال میں داخل لوگوں نے بیان دیا ہے کہ فائرنگ رینج (فوجی) کے باہر صبح 8-10 بجے ایک گولہ گرا۔ کئی لوگ زخمی ہو گئے اور موقع پر موت کی بھی اطلاع ملی ہے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : برا نہ مانو ہولی ہے، جی ہولی ہے
شیر گھاٹی کے ایس ڈی او انل کمار رمن نے کہا کہ ایک ٹیم ہمیشہ فائرنگ سے پہلے اور بعد میں این او سی لیتی ہے۔ گولہ فائرنگ رینج کے باہر گرا ہے۔ مستقبل میں ایسا حادثہ دوبارہ نہ ہو اس کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ہم جانچ کریں گے کہ کس ٹیم نے گولہ داغا ہے، کیونکہ یہاں دو تین ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔