کیا ملک بھر کے پٹرول پمپ خشک ہونے لگے ہیں؟ تیل کمپنیوں کا بیان آیا سامنے

کیا ہندوستان میں پٹرول-ڈیزل کی کمی ہو گئی ہے؟ لوگوں کے ذہن میں دوڑ رہے اس سوال کے درمیان حکومت اور تیل کمپنیوں کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

پٹرول-ڈیزل، تصویر آئی اے این ایس
پٹرول-ڈیزل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ کچھ دنوں میں ملک بھر کے الگ الگ پٹرول پمپوں پر اچانک لوگوں کی بھیڑ سے یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ کیا ہندوستان میں پٹرول-ڈیزل کی کمی ہو گئی ہے؟ پنجاب، ہماچل پردیش، راجستھان، اتراکھنڈ اور نہ جانے کتنی ایسی ریاستیں ہیں جہاں سے پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں۔ لوگوں کے ذریعہ کی جا رہی قیاس آرائیوں کے درمیان اب حکومت اور تیل کمپنیوں کا بیان منظر عام پر آیا ہے۔

دراصل پٹرول ڈیلرس دعویٰ کر رہے تھے کہ بی پی سی ایل اور ایچ پی سی ایل جیسی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے فیوئل سپلائی کم کر دی ہے اور طلب کا صرف ایک چوتھائی تیل دستیاب کرا رہی ہیں، حالانکہ اب حکومت اور تیل کمپنیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس معاملے میں پٹرول اور قدرتی گیس کی وزارت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی کمی نہیں ہے۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ راجستھان، مدھیہ پردیش اور کرناٹک جیسی کچھ ریاستوں میں خاص مقامات پر پٹرول و ڈیزل کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کا پروڈکشن طلب میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ وہیں طلب میں اضافہ کی وجہ ایگریکلچرل سرگرمی بتائی جا رہی ہے۔ تیل کمپنیوں نے ڈیپو اور ٹرمینلس پر اسٹاک بڑھا کر اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے کمر کس لی ہے۔


دوسری طرف انڈین آئل کارپوریشن کے ڈائریکٹر (مارکیٹنگ) وی ستیش کمار نے ٹوئٹ کیا کہ ’’ڈیر کسٹمر، ہمارے ریٹیل آؤٹ لیٹ پر پروڈکٹ کی دستیابی بالکل عام ہے۔ ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ گھبرائیں نہیں۔‘‘ ہندوستان پٹرولیم نے بھی اس معاملے پر ٹوئٹ کر لوگوں سے نہیں گھبرانے کی اپیل کی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ ’’ایچ پی سی ایل ملک کی لگاتار بڑھتی فیوئل ڈیمانڈ کو پورا کر رہا ہے اور سپلائی چین میں پروڈکٹ کی دستیابی کی یقین دہانی کرتا ہے۔ گاہکوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مارکیٹ میں جہاں بھی ہمارے فیوئل اسٹیشنز ہیں وہاں ہم آٹو فیوئل کی اَن انٹرپٹیڈ سپلائی کے لیے کمیٹیڈ ہیں۔‘‘ بھارت پٹرولیم نے بھی کہا کہ ’’ہم سبھی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے پورے نیٹورک میں ہمارے سبھی فیوئل اسٹیشنز پر موافق مقدار میں پروڈکٹ دستیاب ہے۔ اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔