ایوان میں اب بی جے پی کی من مانی نہیں چلے گی: کانگریس
کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت پارلیمنٹ میں مسلسل من مانی کرتی رہی ہے، لیکن جمہوریت کی طاقت نے حالات کو بدل دیا ہے اور اب پہلے کی طرح ایوان میں بی جے پی کی آمریت نہیں چل سکے گی
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پارلیمنٹ میں مسلسل من مانی کرتی رہی ہے، لیکن جمہوریت کی طاقت نے حالات کو بدل دیا ہے اور اب پہلے کی طرح ایوان میں بی جے پی کی آمریت نہیں چل سکے گی۔
منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کانگریس کی لیڈر سپریہ شرینیت نے کہا کہ اب صورتحال پوری طرح بدل چکی ہے۔ انڈیا اتحاد کے تجربہ کار لیڈر اس بار پارلیمنٹ میں موجود ہوں گے اور اب بی جے پی کی آمریت بالکل بھی جاری نہیں رہ سکے گی۔
کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ اب وہ وقت نہیں رہا جب راہل گاندھی کی 14 منٹ کی تقریر کے دوران اسپیکر اوم برلا کا چہرہ 11 منٹ تک ٹی وی پر دکھایا گیا تھا۔ اب انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ عوام نے ان کی من مانی کا خاتمہ کر دیا ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسپیکر کون ہوگا اور ڈپٹی اسپیکر کون ہوگا، لیکن یہ بات طے ہے کہ بی جے پی کا کنٹرول ختم ہو چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔