مہاراشٹر: تبلیغی اجتماع پر 500 کروڑ خرچ ہوں گے!

65 ایکڑزمین پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہے۔ تین پٹرول پمپ اور سینکڑوں کی تعداد میں غسل خانے، بیت الخلا، حوض اور حمام خانے بنائے گئے ہیں۔ اجتماع میں 2650بسیں آئیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر کے تاریخی شہر اورنگ آباد میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغاز بروز جمعہ 23فروری سے شہر کے مضافاتی علاقے میں 598 ایکڑپر مشتمل ایک وسیع میدان میں ہوگا، اس کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ اجتماع کی تیاریوں پرفی الحال 386کروڑ56لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں اور تقریباً 500 کروڑروپے خرچ ہونے کا امکان ہے۔

اطلاع کے مطابق اجتماع گاہ میں ایک ہیلی پیڈ تیار کیا گیا جبکہ جمعہ تا پیر 48خصوصی چارٹر طیاروں کی آمد اور روانگی ہوگی ۔35خصوصی ٹرینیں ملک کے مختلف شہروں سے پہنچ رہی ہیں۔منتظمین نے شرکاء سے ڈسپلن بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔پولیس کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

ممبئی میں تبلیغی مراکز سے موصولہ اطلاع کے مطابق ملک بھر سے 35طویل مسافتی ٹرینیں ممبئی، بھوپال،ناندیڑ،پونے ،احمد آباد،سورت ،گنٹور،کرنول،حیدرآباد ،کولاروغیرہ سے پہنچ رہی ہیں جبکہ عام ٹرینوں میں بھی لاکھوں افراد سفرکریں گے، فی الحال ملک کے مختلف علاقوں سے تین لاکھ افراد پہنچ چکے ہیں۔

65 ایکڑزمین پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہے۔ تین پٹرول پمپ اور سینکڑوں کی تعداد میں غسل خانے، بیت الخلا، حوض اور حمام خانے بنائے گئے ہیں۔ اجتماع میں 2650بسیں آئیں گی۔ جبکہ آخری دن اورنگ آباد سے تقریباً پانچ ہزار تبلیغی جماعتیں دنیا بھر کے لیے روانہ ہوں گی۔

ممبئی ،پونے ،بھیونڈی ،ناگپورسمیت ریاست کے مختلف شہر وں سے لاکھوں افراد پہنچ سکتے ہیں ،جس کے لیے اجتماع کے منتظمین اور شہری انتظامیہ نے بھرپورحفاظتی اور احتیاطی انتظامات کیے ہیں۔ممبئی ،ناسک ،مالیگاؤں،بھیونڈی ، تھانے،شولاپور،پونے ،ناگپور جیسے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ ناندیڑ، لاتور، جلگاؤں، بھساول سے بھی ہزاروں بسوں اورمختلف ٹرینوں میں فرزندان توحید اورنگ آباد پہنچ رہے ہیں۔ جن کے لیے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور قومی شاہراہوں سے رہنمائی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔نماز جمعہ سے اجتماع کا آغاز ہوگا اور نماز میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔