دہلی وقف بورڈ میں تقرریوں کا معاملہ: عآپ رکن اسمبلی امانت اللہ خان سمیت 11 افراد کی درخواست ضمانت منظور
دہلی کی ایک عدالت نے دہلی وقف بورڈ میں مبینہ غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ایک معاملے میں بدھ (یکم مارچ) کو عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے دہلی وقف بورڈ میں مبینہ غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ایک معاملے میں بدھ (یکم مارچ) کو عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ یہ کیس سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے درج کیا تھا۔
راؤز ایونیو کورٹ کے خصوصی سی بی آئی جج ایم کے ناگپال نے کہا کہ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس میں ملزم کو زیر التوا مقدمے میں ضمانت دی جانی چاہئے اور وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان سمیت تمام 11 کو حراست میں رکھکنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
سی بی آئی کا الزام ہے کہ تنخواہ یا دیگر مراعات کی مد میں سرکاری خزانے کو 27 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے لیکن تحقیقات کے دوران ایجنسی نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ عدالت نے سی بی آئی کی ایف آئی آر میں جرائم کا نوٹس لینے کے بعد گزشتہ سال نومبر میں ملزمان کو طلب کیا تھا۔ ان کی پیشی پر انہیں باقاعدہ ضمانت کی درخواستوں کے تصفیہ تک ذاتی مچلکوں پر رہا کر دیا گیا تھا۔
فاضل جج نے ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ دوران تفتیش ملزم کی عدم گرفتاری ایک اہم یا بڑا عنصر ہے جسے ضمانت دینے کے سوال پر غور کرنا ہوگا۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ اگرچہ اس معاملے میں چارج شیٹ سی بی آئی نے گزشتہ سال اگست میں آئی پی سی کی دفعہ 120 اے بی کے تحت مجرمانہ سازش کے جرم میں داخل کی تھی، جس کو روک تھام کی دفعہ 13(2) اور 13(1)(ڈی) کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔ جبکہ کرپشن ایکٹ کے تحت ایف آئی آر بہت پہلے نومبر 2016 میں درج کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات تقریباً 6 سال کے طویل عرصے سے سی بی آئی کے پاس زیر التواء تھی اور اس مدت کے دوران درخواست دہندگان یا ان میں سے کسی کو گرفتار کرنے کے لئے کیس کے تفتیشی افسر (آئی او) کے پاس کافی وقت اور موقع دستیاب تھا۔ تاہم، اس کے باوجود، آئی او یا سی بی آئی نے اس معاملے میں مندرجہ بالا درخواست دہندگان میں سے کسی کو گرفتار نہ کرنے کا شعوری فیصلہ لیا تھا اور آئی او نے انہیں گرفتار کیے بغیر اس عدالت کے سامنے چارج شیٹ داخل کر دی۔
جج نے کہا کہ اخلاقی اور قانونی طور پر سپریم کورٹ کے ذریعہ وضع کردہ رہنما خطوط کے پیش نظر سی بی آئی کو ملزمان کی طرف سے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرنے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہئے اور اسے عدالت پر چھوڑ دینا چاہئے۔
عدالت نے کہا کہ کسی بھی ملزم کے خلاف تقرریوں کے سلسلے میں رشوت مانگنے، ادائیگی یا قبول کرنے کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا اور پی سی ایکٹ کی دفعات کو استعمال کیا گیا، کیونکہ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ امانت اللہ خان کے عوامی دفاتر اور اس وقت کے ڈی ڈبلیو بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محبوب عالم کے ساتھ بدسلوکی یا غلط استعمال کیا گیا۔
جج نے کہا ’’ایک بار پھر اس معاملے میں مزید تفتیش مکمل ہونے میں کافی وقت لگ سکتا ہے اور ملزمان کو حراست میں رکھنے یا اس کے نتیجے کا انتظار کرنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔‘‘ تاہم، سی بی آئی نے یہ کہتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کی کہ ملزم کیس میں ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے یا گواہوں یا جاری تفتیش کو متاثر کر سکتا ہے۔
اس پر عدالت نے بادی نظر میں مشاہدہ کیا کہ اس طرح کے خدشات بے بنیاد اور بغیر کسی وجہ کے ہیں، کیونکہ تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور تفتیش کے دوران جمع کیے گئے زیادہ تر شواہد دستاویزی نوعیت کے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔