دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں 232 نئے ڈاکٹرز کی تقرری، لیفٹیننٹ وی کے سکسینہ نے دی منظوری
وزیر اعلیٰ آتشی نے تقرری کے حوالے سے کچھ روز قبل کہا تھا کہ ’’دہلی کے اسپتالوں میں مل رہی سہولیات کا فائدہ صرف یہاں کے لوگوں کو ہی نہیں بلکہ آس پاس کی ریاستوں کو بھی مل رہا ہے‘‘
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے ایک اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 232 جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز (جی ڈی ایم او-ڈاکٹرز) کی تقرری کو منظوری دی گئی ہے۔ یہ قدم دہلی کے اسپتالوں میں طویل عرصے سے مستقل ڈاکٹروں کی کمی کو ختم کرنے کی سمت میں ایک بڑا پیش رفت ثابت ہوگا۔ ملک کی راجدھانی میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے اس اقدام سے نہ صرف دہلی بلکہ ملک بھر سے علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر سکسینہ نے 22 نومبر کو 702 سرکاری ملازمین کو تقرری خطوط جاری کیے تھے، جن میں 232 تقرریاں وزارت صحت و خاندانی بہبود سے متعلق تھیں۔ 200 تقرریاں محکمہ تعلیم سے متعلق تھیں، جب کہ 199 تقرریاں پلاننگ اور دیگر ایجنسیوں کے لیے کی گئیں۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: ’’گزشتہ دو برسوں میں ڈی ایس ایس ایس بی کے تحت 22,000 تقرریاں کی گئی ہیں، جو گزشتہ 10 سالوں میں ہونے والی تقرریوں سے زیادہ ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’تقرری کے عمل کو تیز کرتے ہوئے، ڈی ایس ایس ایس بی اور یو پی ایس سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ 20,000 زیر التواء سرکاری آسامیوں کو جلد از جلد پُر کریں۔ ہم سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن کے تمام اصولوں کی پاسداری کریں گے اور شفافیت کے ساتھ مستحق امیدواروں کو مواقع فراہم کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔‘‘
دہلی، ملک کی راجدھانی ہونے کے ناطے، پورے ملک سے آنے والے مریضوں کے لیے علاج کا اہم مرکز ہے۔ ایسے میں ڈاکٹرز کی تقرری سے نہ صرف دہلی کے رہائشیوں بلکہ پورے ملک کے عوام کو بھی فائدہ ہوگا۔
پچھلے دنوں ان تقرریوں کے حوالے سے دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا تھا کہ ’’دہلی کے اسپتالوں میں ملنے والی سہولیات کا فائدہ صرف دہلی والوں کو ہی نہیں بلکہ آس پاس کی ریاستوں کے عوام کو بھی ہو رہا ہے۔‘‘