اب ’اپنا دل ‘ بھی بی جے پی کے خلاف!

ذرائع کے مطابق راجیہ سبھا انتخابات کی ووٹنگ کے دوران 9 ارکان اسمبلی پر مشتمل ’اپنا دل ‘ بی جے پی کے خلاف جا سکتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کی یوگی کابینہ میں وزیر اوم پرکاش راجبھر کے ذریعہ باغی تیور ظاہر کیے جانے کے بعد اب بی جے پی کی اتحادی جماعت ’اپنا دل‘ بھی حکومت کے رویہ سے ناراض نظر آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق راجیہ سبھا انتخابات کی ووٹنگ کے دوران 9 ارکان اسمبلی پر مشتمل ’اپنا دل ‘ بی جے پی کے خلاف جا سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راجیہ سبھا انتخابات کے پیش نظر این ڈی اے اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کرنے والی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اور اپنا دل کی رہنما انوپریا پٹیل بھی جلد ہی اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔ اسی میٹنگ میں یہ طے کیا جائے گا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے حق میں ووٹنگ کرنی ہے یا پھر کسی دیگر پارٹی کے حق میں ۔

اگر اپنا دل بھی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راجبھر کی طرح راجیہ سبھا انتخابا ت میں بی جے کے حق میں ووٹ نہیں کرنے کا فیصلہ لے لیتی ہے تو یو پی میں 9 ویں راجیہ سبھا امیدوار کو فتحیاب کرانے کا بی جے پی کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو پانا مشکل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ یوگی حکومت میں اتحادی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اور یوگی کابینہ میں وزیر اوم پرکاش راجبھر نے اپنی ہی حکومت کے خلاف حملہ بول کر یو پی کی سیاست میں گرمی پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ یوپی حکومت صرف مندروں پر توجہ دے رہی ہے۔ جن غریبوں نے اسے ووٹ دیا ہے ان پر سرکار کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ راجبھر کا کہنا ہے کہ صلح سمجھوتہ کو لے کر اب وہ یوگی کی بات نہیں مانیں گے ، جو بھی بات ہوگی صاف صاف ہوگی اور سیدھے امت شاہ سے ہوگی۔ امت شاہ سے بات نہ ہونے کی صورت میں راج بھر نے 23 مارچ کو ہونے جا رہے راجیہ سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کی حمایت نہ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Mar 2018, 8:30 PM