عوام اب مودی حکومت کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں: یچوری
بی جے پی انتخابات کے وقت رام مندر کا مسئلہ اٹھا کر سماج میں فرقہ وارانہ صف بندی کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن اب عوام کا موڈ بدل رہا ہےاور وہ اس حکومت کو ہٹانا چاہتی ہے
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے سکریٹری جنرل سیتا رام یچوری کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہر مرتبہ انتخابات کے وقت رام مندر کا مسئلہ اٹھا کر سماج میں فرقہ وارانہ صف بندی کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مرتبہ بھی اس نے ایسا ہی کیا ہے لیکن اب عوام کا موڈ بدل رہا ے اور وہ اس حکومت کو ہٹانا چاہتی ہے۔
یچوری نے انڈیں خواتین پریس کور میں منعقد نامہ نگاروں کی کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہو ںنے اپنے افتتاحی تقریر میں دارالحکومت میں کل ہونے والی کسان ریلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ چار برسوں میں نہ تو کسانوں کے مطالبات کو تسلیم کیا اور نہ ہی نوجوانوں کو اپنے کئے گئے وعدوں کو مطابق روزگار دیا۔
اس نے انتخابات سے پہلے رام مندر کے مسئلہ کو اٹھا کر سماجی صف بندی کرتے ہوئے ووٹ بینک کی سیاست کی لیکن اب عوام کا ذہن بدل رہا ہے اور وہ بی جے پی کو اقتدر سے ہٹانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب 2004 میں اٹل بہاری واجپئی حکومت انتخابات ہار گئی تھی اور ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت آئی تھی تو کسی کو بھی امید نہیں تھی کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت جائےگی لیکن عوام نے اپنے باشعور کا ثبوت دیا اور اس مرتبہ عوام 2019 کے انتخابات میں اپنے شعور کا ثبوت دے کیونکہ اب اس کا موڈ بدل رہا ہے اور وہ مودی حکومت کی حقیقت جان گئی ہے۔
سی پی ایم کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ مودی حکومت اب اعدادوشمار کو بدل کر مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی غلط تصویر پیش کررہی ہے اور یو پی اے کی معیاد کار کی ترقی کی شرح کو غلط بتارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 17۔2016 کے روزگار کے اعدادوشمار کو بھی گزشتہ 18 مہینوں سے عام نہیں کررہی ہے تاکہ ملک میں روزگار کی حقیقت کا پتہ نہ چل سکے۔ اتنا ہی نہیں پہلے وزارت زراعت نے نوٹ بندی کے برے اثرات سے متعلق رپورٹ دی تھی اب حکومت کے دباؤ میں اس رپورٹ کو بدل کر نوٹ بندی کو فائدہ مند بتایا جارہا ہے۔ حکومت صرف پروپیگنڈہ کررہی ہے۔
یہ کہے جانے پرکہ مدھیہ پردیش میں کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں گوشالہ بنانے کا وعدہ کیا ہے اور کانگریس صدر راہل گاندھی بھی مندروں میں پوجا کررہےہیں۔ یچوری نے کہا کہ کانگریس بھی فرقہ واریت کے ساتھ سمجھوتہ کررہی ہے اور وہ بھی سافٹ ہندوتو کی سیاست کررہی ہے لیکن سی پی ایم اس کی پہلے بھی مخالفت کرتی رہی ہے اور آج بھی اس کی مخالفت کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Nov 2018, 9:07 AM