کسان مخالف یوگی حکومت کی پالیسی اور نیت میں کھوٹ: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ کسان محنت کر کے فصل تیار کرے تو فصل کی قیمت نہیں۔ اگر کسان فصل اگانے کی تیاری کرے تو کھاد نہیں۔ کھاد نہ ملنے کے سبب بندیل کھنڈ کے دو کسانوں کی موت ہوچکی ہے۔
لکھنئو: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کھاد کے بحران کی آڑ میں اتر پردیش حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کسان مخالف رویہ اختیار کرنے والی یوگی حکومت کی نیت اور پالیسی دونوں میں کھوٹ ہے۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو ٹوئٹ کیا کہ ’’کسان محنت کر کے فصل تیار کرے تو فصل کی قیمت نہیں۔ اگر کسان فصل اگانے کی تیاری کرے تو کھاد نہیں۔ کھاد نہ ملنے کے سبب بندیل کھنڈ کے دو کسانوں کی موت ہوچکی ہے، لیکن کسان مخالف بی جے پی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ان کی نیت اور پالیسی دونوں میں کسان مخالف رویہ ہے۔‘‘
اس سے پہلے بدھ کو بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) مایاوتی نے بھی کھاد کے بحران پر حکومت کو گھیرا۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست میں فوری طور پر کھاد کے بحران کے تعلق سے بندیل کھنڈ سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کسان کھاد کے لیے گھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔ اس دوران للت پور سمیت دو مقامات پر کسانوں کی جانیں چلی گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔