میوات: بڑکلی اور امرکا چوک پر سی اے اے مخالف احتجاج جاری
کسان یونین کے ریاستی صدر ست بیر سنگھ نے کہا ’’ہمیں ساورکر کا بھارت کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ ہمیں مولانا ابوالکلام آزاد، اشفاق اللہ، شہید بھگت سنگھ اور بسمل کا ہندوستان چاہیے۔
نوح میوات: ریاست ہریانہ کے خطہ میوات کے بڑکلی چوک و راجستھان (میوات) کے امروکا چوک پر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری ’ملک بچاؤ دستور بچاؤ تحریک‘ زور شور سے جاری ہے اور مظاہرین کی تعداد ہر روز بڑھتی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز دیر شام دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق سنبھلی بھی احتجاج میں شامل ہوئے اور لوگوں سے خطاب کیا۔ اپنے میوات دورے کے درمیان بڑکلی چوک پر جاری غیر معینہ دھرنے کے مقام پر پہنچ کر مولانا عبد الخالق سنبھلی نے ملک کی امن آشتی کے لیے رقت آمیز دعا کرائی۔
راجستھان کے ضلع بھرت پور کے نگر اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی واجب علی بھی بڑکلی چوک دھرنے کے مقام پر پہنچے اور مظاہرین کے مجمع سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون لا کر جہاں ایک طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہیں جس طرح کے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں، اس سے ملک برباد ہوتا جا رہا ہے۔ سوال یہ کہ ایسے وقت میں جبکہ ملک کی معیشت گہری کھائی میں چلی گئی ہے اس طرح کے سماج کو بانٹنے والے اقدام حکومت کیوں لے رہی ہے؟
فیروز پور جھرکہ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایڈوکیٹ اسحاق بیسرو نے کہا کہ ’’جب تک حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔‘‘
دریں اثنا، کسان یونین کے ریاستی صدر ست بیر سنگھ نے انقلابی انداز میں حکومت کو للکارا۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں ساورکر کا بھارت کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ ہمیں مولانا ابوالکلام آزاد، اشفاق اللہ، شہید بھگت سنگھ اور بسمل کا ہندوستان چاہیے۔
سینٹر فار ٹریڈ یونین کی صدر سورے خاں نے کہا کہ جس طرح کے بیانات حکومت کی جانب سے آ رہے ہیں وہ انتہائی گمراہ کن ہیں اور ان سے دنیا بھر میں بھارت سرکار کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔
ادھر، کاماں اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے زاہدہ خان امروکا چوک دھرنے میں پہنچی اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں بی جے پی کے فسطائی ایجنڈے کو نافذ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے ہندوستان کے تمام طبقات کے دلوں میں تفرقہ بازی پیدا کرنے کا شوشہ ہے۔
مفتی الہی بخش اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی و جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب، ہماچل، چنڈی گڑھ کے صدر مولانا محمد ہارون قاسمی بھی میوات کے دھرنے میں شریک ہوئے، اس کے علاوہ دیگر علماء میوات کا ایک وفد بھی دھرنا میں شامل ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔