اتر پردیش میں پھر ٹرین حادثہ، مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اترے، 2 ڈبوں میں بھرا تھا کیمیکل
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے تیز دھماکے جیسے آواز سنی، جب آواز کی طرف دوڑے تو پتہ چلا کہ مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں اور وہاں پر ریلوے ٹریک پوری طرح تباہ ہو گیا ہے۔
اتر پردیش میں پھر ایک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ معاملہ امروہہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کا ہے جہاں مراد آبدا سے دہلی کی طرف جا رہی مال گاڑی پٹری سے اتر گئی۔ جو تصویریں اور ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں اس میں مال گاڑی کے کچھ ڈبوں کے پُرزے اِدھر اُدھر بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مال گاڑی کے 5 ڈبے پٹری سے اترے ہیں جن میں سے کچھ تو پوری طرح تباہ ہو گئے ہیں۔ کچھ خبروں میں 10 ڈبے پٹری سے اترنے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مال گاڑی کے جو ڈبے پٹری سے اترے ہیں ان میں سے 2 میں کیمیکل بھرا ہوا تھا، جبکہ باقی ڈبے خالی تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے تیز دھماکے جیسے آواز سنی تھی جس سے وہ گھبرا گئے۔ جب آواز کی طرف دوڑے تو پتہ چلا کہ مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں اور وہاں پر ریلوے ٹریک پوری طرح تباہ ہو گیا ہے۔
اس حادثہ کے بعد دہلی اور مراد آباد کی طرف سے آنے والی درجنوں ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ مال گاڑی پلٹنے کا پیغام ملتے ہی ریلوے محکمہ پوری طرح الرٹ ہو گیا ہے۔ فوراً ہی ریلوے اور جی آر پی افسران جائے وقوع پر پہنچے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مال گاڑی اَپ لائن پر تھی، لیکن پلٹنے کے بعد اس کے کچھ ڈبے ڈاؤن لائن پر بکھر گئے۔ یہ حادثہ کیوں پیش آیا، اس تعلق سے ابھی کچھ بھی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔