آج کی تاناشاہ حکومت کے خلاف بھی ’کرو یا مرو‘ تحریک کی ضرورت: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ اپنی زندگی کی پروا کیے بغیر لاکھوں وطن پرست بھارت چھوڑو تحریک میں کود پڑے تھے، تقریباً 940 افراد شہید ہوئے اور ہزاروں گرفتار ہوئے تھے۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج بھارت چھوڑو تحریک کی سالگرہ پر سبھی مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان شہیدوں کو یاد کیا جنھوں نے آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ آج کی تاناشاہ حکومت کے خلاف اور ملک کی حفاظت کے لیے مزید ایک ’کرو یا مرو‘ جیسی تحریک کی ضرورت ہے۔ تاناشاہی، مہنگائی اور بے روزگاری کو بھارت چھوڑنا ہی ہوگا۔

راہل گاندھی نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ ’’تاریخ کا وہ صفحہ جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا- ’بھارت چھوڑو تحریک‘۔8 اگست 1942 کو بامبے سے شروع ہوئی اس تحریک نے انگریزوں کی نیند اڑا دی تھی۔ اگست کی اس شام کو بامبے کے گوالیا ٹینک میدان میں لوگوں کا جمع ہونا شروع ہوا، گاندھی جی نے ’کرو یا مرو‘ کا نعرہ دیا اور بس ہندوستان میں انگریزی حکومت کا آخری باب شروع ہو گیا۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ اپنی زندگی کی پروا کیے بغیر لاکھوں وطن پرست بھارت چھوڑو تحریک میں کود پڑے تھے۔ تقریباً 940 افراد شہید ہوئے اور ہزاروں گرفتار ہوئے تھے۔ آج بھارت چھوڑو تحریک کی سالگرہ پر میں ان مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنھوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ایک بار پھر ’کرو یا مرو‘ جیسی تحریک کی ضرورت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے جب ناانصافی کے خلاف بولنا ہی ہوگا۔ تاناشاہی، مہنگائی اور بے روزگاری کو بھارت چھوڑنا ہی ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔