مودی حکومت کے ملازم مخالف رویے سے پریشان ریل ملازمین نے منایا ’یوم سیاہ‘

اے آئی آر ایف کے جنرل سکریٹری شیوگوپال مشرا نے کہا کہ کورونا وبا کی آڑ میں حکومت مزدور مخالف کام کر رہی ہے جو حکومت کی غریب مخالف ذہنیت کو آشکار کرتا ہے اور اہلکار اس سے انجان نہیں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ریلوے ملازمین نے آج مودی حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اس پر ملازم مخالف رویے اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ آل انڈیا ریلوے مینس فیڈریشن (اے آئی آر ایف) کی کال پر آج ریل ملازمین نے باضابطہ طور پر یوم سیاہ منایا اور اور حکومت سے مہنگائی بھتے فوراً ادا کرنے، مزدور قوانین میں اصلاح پر روک، پرائیویٹائزیشن (نجکاری)، اِن کارپوریشن (انضمام) پر روک اور تمام اہلکاروں کو ترقی کے مواقع دیے جانے سے متعلق مطالبات کیے۔

قابل ذکر ہے کہ اے آئی آر ایف نے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل درآمد، ماسک اور سینیٹائزرس کا استعمال کرتے ہوئے یکم جون سے 6 جون تک تمام زون میں ملکی سطح پر مودی حکومت کی ملازم مخالف پالیسی کے خلاف عوامی بیداری مہم بھی چلائی تھی۔ آج ملکی سطح پر یوم سیاہ مناتے ہوئے اے آئی آر ایف کے جنرل سکریٹری شیو گوپال مشر نے کہا کہ ریلوے اہلکاروں کے مہنگائی بھتے کو فریز کرنے، مزدور قوانین میں تبدیلی، پرائیویٹائزیشن، ملٹی اسکیلنگ، مزدور اصلاحات کے نام پر اہلکاروں کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے، جو نامناسب ہے۔

شیو گوپال مشرا نے کہا کہ جو ریل اہلکار 24 گھنٹے کورونا جیسی وبا کے وقت بھی اپنے کام کو پوری ایمانداری اور محنت سے بغیر اپنی جان کی پروا کیے کام کر رہے ہیں، حکومت نے انھیں شاباشی اور انعام دینے کے بجائے ان کے مہنگائی بھتے کو فریز کر دیا جس کے سبب ریل اہلکاروں اور تنظیموں میں شدید غصہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی آڑ میں حکومت مزدور مخالف کام کر رہی ہے۔ یہ حکومت کی غریب مخالف ذہنیت کو آشکار کرتا ہے جس سے اہلکار انجان نہیں ہیں۔ وہ اسے ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔