کورونا بحران کے درمیان یوپی میں ویک اینڈ لاک ڈاؤں کا اعلان، ضروری خدمات ہی مستثنیٰ ہوں گی

کورونا وائرس کے شدید بحران کے درمیان اتر پردیش میں اختتام ہفتہ میں لاک ڈاؤں کا اعلان کر دیا گیا ہے، یو پی حکومت کے مطابق صرف ضروری خدمات ہی اس سے مستثنیٰ رہیں گی

دہلی کے شمشان گھاٹ میں کورنا کے مریضوں کی آخری رسومات ادا ہونے کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
دہلی کے شمشان گھاٹ میں کورنا کے مریضوں کی آخری رسومات ادا ہونے کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کورونا کی عالمی وبا کے دوران اتر پردیش میں ویک اینڈ (اختتام ہفتہ) لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یوپی حکومت کے مطابق اب ریاست بھر میں تا حکم ثانی ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ وہیں، ریاست کے تمام اضلاع میں نائٹ کرفیو کا نفاذ جاری رہے گا۔

اختتام ہفتہ کے لاک ڈاؤن کے دوران بے وجہ گھر سے باہر نکلنے پر پابندی رہے گی، تاہم ضروری خدمات پر مامور افراد اس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ اس کے علاوہ کورونا کی ٹیکہ کاری اور طبی فرائض کی انجام دہی کرنے والے افراد کو بھی اس لاک ڈاؤن سے رعایت رہے گی۔

محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اویناش کے اوستھی نے کہا، ’’یوپی کے تمام اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ لاک ڈاؤن کا نفاذ جمعہ کی شب 8 بجے سے پیر کی صبح 7 بجے تک رہے گا۔ اس دوران ضروری خدمات کو رعایت دی جائے گی۔ جبکہ یوپی کے تمام اضلاع میں نائٹ کرفیو جاری رہے گا۔‘‘

خیال رہے کہ یوپی حکومت نے اس سے قبل اتوار کے روز ریاست کے کئی اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ گزشتہ اتوار کو تقریباً 10 اضلاع میں لاک ڈاون تھا، تاہم ریاست کے تمام اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤں نافذ رہے گا۔


یوپی حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما ہدایات میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جہاں تک ہو سکے، لوگ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ تہوار وغیرہ بھی گھر پر رہ کر ہی منائیں اور باہر نکلنے پر ماسک ضرور لگائیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو عوامی مقامات پر مجمع نہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یوپی حکومت کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب گزشتہ روز الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست کے پانچ شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن ریاستی حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے انکار کر دیا اور سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا لیکن اب ریاستی حکومت نے صرف ویک اینڈ لاک ڈاؤن کی ہدایت دی ہے۔


خیال رہے کہ اتر پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 28211 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 167 افراد کی جان چلی گئی۔ ریاست میں کیسز کی مجموعی تعداد 879831 ہو چکی ہے جبکہ 9997 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ریاست بھر میں فی الحال 208523 کیسز فعال ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔