صادقہ نواب سحر کو ’ساہتیہ اکادمی ایوارڈ‘ دینے کا اعلان

اردو کے لیے صادقہ نواب سحر کو، انگریزی کے لیے نیلم سرن کو اور ہندی کے لیے سنجیو کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

صادقہ نواب سحر
صادقہ نواب سحر
user

قومی آواز بیورو

ساہتیہ اکادمی نے ’ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2023‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مرتبہ اردو کے لیے صادقہ نواب سحر، انگریزی کے لیے نیلم سرن اور ہندی کے لیے سنجیو کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے. شرینواس نے بدھ کے روز اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اکادمی نے 9 شعری مجموعہ، 6 ناول، 5 افسانوی مجموعہ، 3 مضامین اور ایک تنقیدی کتاب کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔

سکریٹری شرینواس کے مطابق اس مرتبہ اردو میں ناول ’راجدیو کی امرائی‘ کے لیے صادقہ نواب سحر کو، ہندی میں ناول ’مجھے پہچانو‘ کے لیے سنجیو کو، انگریزی ناول ’ریکویم اِن راگا جانکی‘ کے لیے نیلم سرن گور، پنجابی میں شعری مجموعہ ’من دی چِپ‘ کے لیے سورنجیت سوی کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈوگری کے لیے وجئے ورما، گجرات کے لیے ونوش جوشی، کشمیری کے لیے منشور بانیہالی، منی پوری کے لیے سوروکھیبم گمبھنی، اڑیہ کے لیے آشوتوش پریڈا، راجستھانی کے لیے گجے سنگھ راج پروہت، سنسکرت کے لیے ارون رنجن مشر، سندھی کے لیے ونود آسودانی، بنگلہ کے لیے سوپنمے چکرورتی، مراٹھی کے لیے کرشنات کھوت، تمل کے لیے راج شیکھرن کو ایوارڈ دیا جائے گا۔


ساہتیہ اکادمی کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق اس بار آسامی زبان میں افسانوی مجموعہ کو لے کر پرنوجیوتی ڈیکا، بوڈو میں نندیشور دیماری، کونکنی میں پرکاش ایس پرینکار، تیلگو میں ٹی پتنجلی شاستری اور سنتھالی میں تاراسین باسکی کو اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ شرینواس راؤ کا کہنا ہے کہ مضمون کے لیے لکشمیشا تولپڈی (کنڑ)، باسوکی ناتھ جھا (میتھلی)، یدھویر رانا (نیپالی) اور تنقید کے لیے ای وی رام کرشنن (ملیالم) کو بھی ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کی سفارش 24 ہندوستانی زبانوں کی جوری کمیٹیوں کے ذریعہ کی گئی۔ ساہتیہ اکادمی کے صدر مادھو کوشک کی صدارت میں منعقد اکادمی کی ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ میں انھیں منظوری دی گئی۔ سکریٹری نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ سال 12 مارچ کو منعقد کی جانے والی تقریب میں ایوارڈ کے لیے منتخب ادیبوں کو نوازا جائے گا۔ اس کے تحت ایک میمنٹو، شال اور ایک ایک لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ اس مرتبہ ایوارڈ کے لیے یکم جنوری 2017 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران پہلی مرتبہ شائع کتابوں کو فوقیت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔