یو پی: یومِ آزادی کے موقع پر اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان

پیر کو ٹیم-9 کے ساتھ میٹنگ میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کی تیاری کا حکم دیا، طلبا کے کلاسز کا آغاز 15اگست کو ’آزادی کا امرت مہوتسو‘تقریب کے انعقاد سے ہوگا۔

اسکول میں پڑھتے بچوں کی فائل تصویر
اسکول میں پڑھتے بچوں کی فائل تصویر
user

یو این آئی

لکھنو: کورونا وائرس کے انفیکشن کو کنٹرول میں ہوتا دیکھ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سیکنڈری ایجوکیشن اسکولوں کو یوم آزادی کے موقع پر یعنی 15 اگست سے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ہائی ایجوکیشن میں ریگولر تعلیم یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔

پیر کو ٹیم-9 کے ساتھ ریگولر میٹنگ میں وزیر اعلی نے افسران کو نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کی تیاری کا حکم دیا۔تمام بورڈوں کے ہائی اسکول و انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ایسی حالت میں گریجویشن سطح پر داخلوں کا آغاز 5اگست سے ہوجانا چاہئے۔ ساتھ ہی سیکنڈری ایجوکیشن کے اداروں میں بھی داخلوں کی کاروائی شروع کی جانی چاہئے۔ طلبہ کے کلاسز کا آغاز 15 اگست کوآزادی کا امرت مہوتسو کی تقریب کے انعقاد سے ہوگا۔


16 اگست سے 50 فیصدی طلبا کے ساتھ ریگولر کلاسز کا آغاز ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہر حال میں اعلی ایجوکیشن میں ریگولر کلاسز کا یکم ستمبر سے آغاز کےلئے تیاریاں شروع کردینی چاہئے۔وزیر اعلی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کے آغاز کے لئے سینیٹائزر، تھرمامیٹر، ماسک وغیرہ کی مکمل دستیابی کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی سیٹیوں کی ترتیب میں دو گز کے فاصلے کے ساتھ ہر ادارے میں کووڈ پروٹوکول پر پوری سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کھلنے کے ساتھ یہ بھی انتہائی مناسب موقع ہوگا کہ ہم 18 سال سے اوپر کی عمر والے طلبہ کی ٹیکہ کاری کے لئے کیمپس میں اسپیشل ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کریں۔اس ضمن میں محکمہ صحت کی جانب سے پہلے ہی تما م ضروری اقدامات کئے جانے چاہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔