پرینکا گاندھی پر ناشائستہ رائے زنی سے کانگریس برہم، پولس میں شکایت درج

دہلی مہیلا کانگریس کی قومی صدر سشمتا دیو نے پرینکا گاندھی کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی نازیبا مہم کے خلاف تفتیش کیے جانے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے خلاف سوشل میڈیا پر ناشائستہ رائے زنی کرنے کے سلسلے میں دہلی مہیلا کانگریس نے پیر کو پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی۔ دہلی مہیلا کانگریس کی قومی صدر سشمتا دیو نے پرینکا واڈرا کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کے خلاف تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ان کے لیے جس طرح کی زبان استعمال کی جا رہی ہے وہ ملک کی تمام خواتین کے لیے تکلیف کا باعث ہے۔ دہلی کانگریس کی اہم ترجمان سرمشٹھا مکھرجی نے یواین آئی سے کہا کہ پرینکا واڈرا کو پارٹی میں نئی ذمہ داری ملنے کے بعد جس طرح سے بی جے پی نے طرح طرح کی رائے زنی کی ہے وہ ناشائستہ اور بے حد شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم مودی ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘ کا نعرہ دیتے ہیں اور دوسری طرف انہی کی پارٹی کے ذمہ دار لوگ خواتین کے تئیں اس طرح کی گھٹیا سوچ رکھتے ہیں۔ کسی بھی خاتون کے خلاف گندی اور ناشائستہ رائے زنی کرنے والوں کے خلاف اگر سخت کاروائی نہیں کی گئی تو کوئی خاتون سیاست کے میدان میں آنے کے سلسلے میں کیسے سوچےگی؟۔

سرمشٹھا مکھرجی نے کہا کہ پرینکا واڈرا کے خلاف سوشل میڈیا پر جس طرح کی زبان کا استعمال کیا جا رہا ہے اسی طرح کے الفاظ کا استعمال بی جے پی کے رہنماؤں نے کیا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ سوشل میڈیا پر پرینکا واڈرا کے خلاف جو ناشائستہ رائے زنی کی جا رہی ہے اس کے پیچھے بی جے پی ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے یہاں شکایت درج کرائی گئی ہے اور ملک بھر میں مہیلا کانگریس کی جانب سے شکایت درج کرائی جائے گی۔

غور طلب ہےکہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا واڈرا کے سرگرم سیاست میں قدم رکھنے کے بعد بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے ناشائستہ رائے زنی کی ہےاور اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔