اکھلیش سے ناراض شیوپال یادو نے سیتاپور جیل میں اعظم خان سے کی ملاقات
شیوپال یادو نے اعظم خان سے ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب اعظم خان کا خیمہ کھل کر اکھلیش یادو کے خلاف بیانات دے رہا ہے۔
اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے بعد سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو سے پارٹی کے کئی سرکردہ لیڈران ناراض نظر آ رہے ہیں۔ خصوصاً اعظم خان کا خیمہ انھیں نظر انداز کیے جانے سے مایوس ہے، اور اکھلیش کے چچا شیوپال یادو بھی بھتیجے سے ناراض بتائے جا رہے ہیں۔ اس درمیان سیتاپور جیل میں دو سال سے بند سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی اعظم خان سے ملاقات کے لیے پرگتی شیل سماجوادی پارٹی کے سربراہ شیوپال یادو جیل پہنچ گئے اس خبر نے ایک بار پھر اتر پردیش کی سیاست میں ہلچل کی طرف اشارہ کیا ہے۔
شیوپال یادو نے اعظم خان سے ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب اعظم خان کا خیمہ کھل کر اکھلیش یادو کے خلاف بیانات دے رہا ہے۔ راشٹریہ لوک دل کے صدر جینت چودھری نے بھی بدھ کے روز رامپور جا کر اعظم خان کے کنبہ سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران جینت نے اعظم خان کے کنبہ سے اپنی قربت کا کھل کر اظہار کیا تھا۔ اب جب کہ شیوپال اور اعظم خان کی ملاقات ہوئی ہے تو، لوگ سماجوادی پارٹی سے الگ ایک نئے اتحاد کی قیاس آرائیاں کرنے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ اعظم خان پر ابھی تقریباً 80 مقدمے چل رہے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو محض ایک بار ہی اعظم خان سے ملنے جیل گئے ہیں۔ اس رویہ سے اعظم خان کے حامی اکھلیش سے ناراض ہیں۔ دوسری طرف شیوپال یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اعظم خان کا بی جے پی حکومت میں استحصال ہو رہا ہے اور ان پر جھوٹے کیس لادے جا رہے ہیں۔ ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ دنوں شیوپال یادو کا بھی بی جے پی کے تئیں نرم رویہ دیکھنے کو ملا تھا۔ ایسے میں یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ شیوپال یادو کے ذہن میں کیا چل رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔