کشمیر: آنگن واڑی ورکرس کا مطالبات کو لے کر سری نگر میں احتجاج

تسلیمہ سبحان نے کہا کہ آںگن واڑی ورکرس ہر محاذ ہر جانفشانی سے کام کرتی ہیں لیکن جب ان کو مراعات و معاوضہ دینے کا وقت آتا ہے تو ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

سری نگر میں آنگن واڑی ورکرس کا احتجاج / یو این آئی
سری نگر میں آنگن واڑی ورکرس کا احتجاج / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: آنگن واڑی ورکرس ایسو سی ایشن کشمیر نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات خاص کر تنخواہوں کی واگزاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ورکرس جم کر نعرہ بازی کر رہی تھیں اور ان کا الزام تھا کہ انہیں الیکشن ڈیوٹی اور پلس پولیو ڈیوٹی کے دوران دیئے جانے والے مراعات و معاوضے سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔

ایسو سی ایشن کی صوبہ کشمیر کی صدر تسلیمہ سبحان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہم گزشتہ 16 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور اگر کسی ماہ کی تنخواہ دی بھی جاتی ہے تو اس میں مرکز کا ہی حصہ ہوتا ہے اسٹیٹ کا حصہ نہیں ہوتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکرس نے کورونا وبا کے دوران بھی جان پر کھیل کر کام کیا اور پلس پولیو ڈیوٹی بھی دی اور الیکشن ڈیوٹی بھی انجام دی، لیکن ہمیں اس دوران کام کرنے پر دی جانے والی مراعات و معاوضے سے بھی محروم رکھا گیا۔

موصوفہ نے کہا کہ آںگن واڑی ورکرس ہر محاذ ہر جانفشانی سے کام کرتی ہیں لیکن جب ان کو مراعات و معاوضہ دینے کا وقت آتا ہے تو ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے تمام مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ہم بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ بذات خود مداخت کرکے ان در پیش مسائل کو حل کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔