آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا کانگریس میں شامل
شرمیلا کا تعلق سیاسی خاندان سے ہے اور وہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی سیاست کا ایک معروف چہرہ ہیں۔ ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی غیر منقسم آندھرا پردیش کے قدآور لیڈروں میں سے تھے
نئی دہلی: تمام سیاسی جماعتوں نے اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ انتخابات سے قبل وائی ایس آر پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے صدر اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا کانگریس میں شامل ہو گئی ہیں۔ وہ دہلی میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہوئیں۔
کانگریس میں شمولیت کے بعد وائی ایس شرمیلا نے کہا، ’’آج میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو کانگریس پارٹی میں ضم کرنے پر بہت خوش ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ وائی آر ایس تلنگانہ پارٹی آج سے انڈین نیشنل کانگریس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی آج بھی ہمارے ملک کی سب سے بڑی سیکولر پارٹی ہے۔‘‘
شرمیلا کا تعلق سیاسی خاندان سے ہے اور وہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی سیاست کا ایک معروف چہرہ ہیں۔ ان کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی غیر منقسم آندھرا پردیش کے قدآور لیڈروں میں سے تھے۔
وائی ایس شرمیلا نے حال ہی میں ہوئے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی مبینہ بدعنوان اور عوام مخالف حکمرانی کو ختم کرنے کے لیے کانگریس کی حمایت کرنے کی بات کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔