آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو کی عوام سے اپیل، ’زیادہ بچے پیدا کریں!‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی ریاستوں، خصوصاً آندھرا میں بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی تشویشناک مسئلہ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نوجوان بڑی تعداد میں ملک کے دیگر حصوں یا بیرون ممالک ہجرت کر رہے ہیں
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ بچے پیدا کریں۔ ان کے اس مشورے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ریاست میں بزرگوں کی آبادی زیادہ ہے۔ ہفتے کے روز انہوں نے اس بارے میں کہا کہ ریاستی حکومت آبادی کے انتظام کے لئے ایک منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کے تحت ایک بل لانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں زیادہ بچے والی فیملی کو مراعات دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’پہلے ہم نے ایسا قانون بنایا تھا جس کے تحت دو سے زیادہ بچے والے لوگ انتخاب نہیں لڑ سکتے تھے۔ ہم نے اب اس قانون کو ختم کر دیا ہے اور اب اس کی جگہ ایسا قانون لانے کا ارادہ ہے جس کے تحت صرف وہی افراد انتخاب لڑ سکتے ہیں جن کے دو سے زیادہ بچے ہیں۔ حکومت زیادہ بچے والے کنبوں کو مراعات دینے کے بارے میں غور و فکر کر رہی ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے ریاست کی کم ہوتی شرح پیدائش پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی پیدائش کی شرح 1.6 فیصد ہے، جو قومی شرح 2.1 سے کافی کم ہے۔ اگر حالات یہی رہے تو 2047 تک یہاں بزرگوں کی آبادی کافی زیادہ ہو جائے گی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف آندھرا پردیش کی بات نہیں ہے، ملک کے کئی دیہات ایسے ہیں جہاں صرف بزرگ ہی بچے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویسے تو ہمارے پاس 2047 تک کا ڈیموگرافک ایڈوانٹج موجود ہے لیکن جنوبی ریاستوں، خاص طور پر آندھرا پردیش میں بڑھتی عمر والوں کی آبادی فکر میں ڈالنے والی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین، جاپان سمیت کچھ یورپی ممالک بھی اس طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ جنوبی ہندوستان میں اس مسئلے کی اصل وجہ یہ ہے کہ نوجوان ریاست کو چھوڑ کر ملک کے دیگر حصوں میں یا بیرون ممالک ہجرت کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔