آنندی بین پٹیل یوپی کی پہلی خاتون گورنر نہیں! طاہرمحمود

قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیرمین نے آنندی بین کو یوپی کی پہلی خاتون گورنر قرار دینے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ یا توقومی تاریخ سے ناواقفیت کا شاخسانہ ہے یا پھر تجاہل عارفانہ کی بدترین مثال۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیرمین پروفیسر طاہرمحمود نے آنندی بین پٹیل کو یوپی کی پہلی خاتون گورنر قرار دینے پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے یہ یا توقومی تاریخ سے قطعاً ناواقفیت کا شاخسانہ ہے یا پھر تجاہل عارفانہ کی بدترین مثال۔

وہ اُن خبروں پر تبصرہ کر رہے تھے جن میں چندروز پہلے یوپی کے گورنر کے عہدے کا چارج سنبھالنے والی گجرات کی سابق وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل کو ’’آزادی کے بعد یوپی کی پہلی خاتون گورنر‘‘ کہا گیا ہے۔ پروفیسر محمود نے بتایا کہ ملک کی عظیم مجاہد آزادی اور ادبی دنیا میں بلبل ہند کے لقب سے معروف محترمہ سروجنی نائیڈو کو آزادی کے بعداتر پردیش کا پہلا گورنر بنایا گیا تھا۔


انہوں نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کو برطانوی دور حکومت میں آزاد صوبہ بنا یا گیا تھا اور جنوری 1921 میں ایک انگریز سرکاری افسر ہارکورٹ بٹلر کو اسکا پہلا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ آزادی کی آمد تک اس صوبے کے سات انگریز گورنر رہے جن میں آخری فرانسس وائیلی تھے۔ 15اگست1947 کو اُن سے اس عہدے کا چارج لے کر محترمہ سروجنی نائیڈو کو دیا گیا تھا اور انھوں نے اسی دن لکھنؤ کے راج بھون میں اس عہدے کا حلف لیا تھا۔ 2 مارچ 1949کو اپنی ناگہانی وفات تک محترمہ اس عہدے پر برقرارر ہی تھیں اور ا نکی وفات کے بعد مشہور پارسی لیڈر ہرمزفیروز مودی نے انکی جگہ لی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ سروجنی نائیڈو کی بیٹی پدمجا نائیڈو ملک کی تاریخ میں کسی بھی صوبے کی گورنر بننے والی دوسری خاتون تھیں جوکہ 1956سے دس سال تک مغربی بنگال کی گورنر رہیں۔ پروفیسرمحمود نے کہا ہے کہ عوام کو اس طرح ملکی تاریخ کے تعلق سے مغالطے میں مبتلاکرنا انتہائی غلط بات ہے جس سے اہل سیاست اور میڈیا سمیت سبھی کو احتراز کرنا چاہئیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔