گوگل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سندر پچائی کے خلاف ممبئی میں ایف آئی آر درج
ایم آئی ڈی سی پولیس نے جملہ حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق ایک معاملے میں سندر پچائی سمیت 6 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے اور تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔
جملہ حقوق کی خلاف ورزی کے ایک معاملے میں گوگل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سندر پچائی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ممبئی پولیس نے ایک عدالتی حکم کے بعد جملہ حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات کے تحت یہ معاملہ درج کیا ہے۔ سندر پچائی کے علاوہ گوتم آنند (یوٹیوب کے منیجنگ ڈائریکٹر) سمیت گوگل کے کچھ دیگر افسران کے خلاف بھی جملہ حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات 51، 63 اور 69 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی فلمساز اور ہدایت کار سنیل درشن نے عدالت میں شکایت کی تھی کہ ان کی بنائی گئی فلم کو یوٹیوب پر اَپ لوڈ کیا گیا ہے۔ اس شکایت پر غور کرنے کے بعد عدالت نے ممبئی پولیس کو معاملہ درج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ بعد ازاں ایم آئی ڈی سی پولیس نے پچائی سمیت 6 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے اور تحقیقات شروع ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ جمہوریہ: راج پتھ پر ملک کی شان و شوکت کا شاندار مظاہرہ
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق سنیل درشن نے اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ ان کی فلم ’ایک حسینہ تھی ایک دیوانہ تھا‘ کے جملہ حقوق انھوں نے کسی کو نہیں دیئے ہیں۔ اس کے باوجود کئی لوگوں نے اس فلم کے گانے اور ویڈیوز گوگل کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی اَپلوڈ کیے ہیں۔ سنیل درشن کا کہنا ہے کہ جب یہ گانے اور ویڈیوز اَپلوڈ ہو رہے تھے تب یوٹیوب اور گوگل نے اسے اَپلوڈ کرنے کی اجازت بھی دی۔ اس وجہ سے اَپلوڈ کرنے والوں نے کروڑوں روپے کی کمائی کی اور ان کو (فلمساز کا) کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔